Reporter SS
ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ہالی ووڈ کا اسپائیڈر مین ایک بار پھر باکس آفس پر تہلکہ مچانے کو تیار ہے اس سلسلے میں مارول کامکس کی اسپائیڈرمین فرنچائز کی نئی سپر ہیرو ایکشن ایڈونچر فلم’’ اسپائیڈر مین،ہوم کمنگ‘‘کا پہلا ٹریلرجاری کردیا گیا ہے۔
جان واٹس کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں اداکار ٹام ہالینڈبحیثیت پیٹر پارکر/ اسپائیڈرمین مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوںگے،ان کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میںآئرن مین کے کردار میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اپنی اداکاری کے جوہر نبھائیں گے جبکہ مائیکل کیٹن،میریسا ٹومی، ڈونلڈ گروور، مارٹن اسٹار، زینڈایااورٹونی ریولوری فلم کی دیگر کاسٹ میں نمایاں ہیں۔
کیون فیج اور ایمی پاسکل کی مشترکہ پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی پیٹر پارکر نامی ایسے لڑکے گِرد گھومتی ہے جو غیرمعمولی صلاحیتوں کا مالک ہوتا ہے اور مکڑی کی طرح جال کے ذریعے بلند و بالا عمارتوں پر سیکنڈوں میں چڑھ جاتا ہے۔
کولمبیاپکچرزاورمارول اسٹوڈیوزکی تیارکردہ ایکشن ایڈونچر فلم آئندہ سال سونی پکچرز کے تحت7جولائی کو سنیماگھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے۔
ایمز ٹی وی (تجارت) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ موسم سرما کے دوران مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو، 100روپے گھریلو اور 400 روپے فی کمرشل سلنڈر کمی کر دی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے درآمدی ایل پی جی پر ٹیکس چھوٹ دے کر درآمد سہل بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، عوام کو سستی گیس فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ملک میں ایل پی جی کا سیلاب آگیا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار سردیوں میں نہ صرف قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے بلکہ ایل پی جی وافر مقدار میں موجود ہے اور صارفین کو عام دستیاب ہے، سال 2016 میں ایل پی جی کی درآمد و فروخت کے سب ریکارڈ ٹوٹ گئے، رواں سال ایل پی جی کی درآمد5لاکھ میٹرک ٹن اور فروخت 12 لاکھ ٹن رہی۔
انھوں نے کہاکہ گیس کی وافر درآمد سے ایل پی جی مافیا کی مصنوئی قلت کا روایتی ڈرامہ رچا کر ناجائز منافع خوری کرنا اب ممکن نہیں رہا، غریب صارفین کو سستی گیس میسر کرنے کا کریڈٹ ایل پی جی امپورٹرزکو جاتا ہے جنھوں نے گیس درآمد کر کے سپلائی کو یقینی بنایا۔
مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد کراچی میں ایل پی جی 85 روپے فی کلو،970 روپے فی گھریلو سلنڈر، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ اور پشاور میں 90 اور 1030روپے، رحیم یار خان، صادق آباد، حیدرآباد، اٹک، گجرات اور میرپور آزاد کشمیر میں 100اور 1150روپے، راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی آزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میرپور خاص، عمرکوٹ، نواب شاہ، مٹیاری، ٹھٹھہ، دادو،راجن پور، جام شورواور شکار پورمیں 110 اور 1260 روپے،گلگت بلتستان، مری، نتھیا گلی اوربالاکوٹ میں ایل پی جی کی قیمت 120 روپے کلو اور 1380 روپے فی گھریلو سلنڈر ہوگئی ہے۔
ایمز ٹی وی( صحت) سوئٹزرلینڈ میں دودھ کی مختلف مصنوعات تیار کرنے والی ایک مشہور کمپنی نے چاکلیٹ تیار کرتے دوران شکر ملانے کا ایک ایسا نیا طریقہ دریافت کرلیا ہے جس میں معمول سے 40 فیصد کم شکر کی ضرورت پڑتی ہے لیکن بننے والی چاکلیٹ ویسی ہی میٹھی ہوتی ہے جیسے اس میں شکر کی پوری مقدار ملا دی گئی ہو۔
ادارے نے اپنے دریافت کردہ اس طریقے کی تفصیلات ’’کاروباری راز‘‘ کے طور پر پوشیدہ رکھی ہوئی ہیں البتہ وہ جلد ہی اس کےلئے پیٹنٹ کی درخواست دائر کرے گا، جس کے بعد 2018 تک اس نئے طریقے پر تیار کردہ چاکلیٹ کے نئے برانڈز متعارف کروائے جائیں گے۔
امید ہے کہ اس نئے طریقے کی بدولت جہاں چاکلیٹ بنانے کی صنعت میں شکر کا استعمال کم ہوگا وہیں یہ چاکلیٹ نسبتاً مفید بھی ہوگی کیونکہ زیادہ شکر کے استعمال سے صحت کو بھی خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ چاکلیٹ بناتے دوران کڑواہٹ دور کرنے کےلئے بہت زیادہ شکر شامل کرنا پڑتی ہے۔
ایمز ٹی وی( تجارت) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ڈھائی فیصد کے قریب کمی ہوئی ہے ، یو ایس خام تیل کے فی بیرل سودے 50ڈالر سے بھی کم پر بند ہوئے ۔
نیویارک کی مرکنٹائل ایکسچینج میں یوایس خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 1.16 ڈالرکی کمی ہوئی اور مستقبل کے سودے 49.77سینٹپر بند ہوئے جبکہ برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت میں90سینٹ کی کمی ہوئی اور مستقبل کے فی بیرل سودے 53.3ڈالر میں ہوئے ۔
دوسری جانب وینزویلا کے وزیر تیل اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کے رکن کا کہنا ہے کہ اوپیک تیل کی قیمتوں میں درمیانہ اضافہ چاہتی ہے تاکہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو نقصان نہ اٹھانا پڑے ۔
ایمز ٹی وی( مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی تنظیموں کے خلائی جہاز کسینی نے سیارہ زحل کے قریب چکر لگاتے ہوئے تازہ تصاویر بھیجی ہیں۔ خلائی جہاز کسینی نے اکانوے ہزار کلومیٹر کی دوری سے جو تازہ ترین تصاویر بھیجی ہیں ان میں سیارہ زحل کے رِنگ اور نصف کرہ جنوب میں طوفان دکھائی دیتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے یہ رِنگ ایک شہاب ثاقب کے زحل کے ایک چاند سے ٹکرانے کی وجہ سے پیدا ہونے والی گرد ہے اور سیارے کی سطح پر اٹھنے والے بھنور دائرے کی شکل کی بجائے چھ کونوں والے ہیں۔
ناسا، یورپ اور اٹلی کا مشترکہ خلائی جہاز کسینی بارہ برس تک زحل کے گرد چکر لگانے کے بعد ایندھن ختم ہونے کے باعث اگلے برس ستمبر میں اس کی سطح پر جا گرے گا۔
اگلے برس اپریل سے کسینی اپنا آخری سفر شروع کرے گا۔ اس کی سطح پر گرنے سے پہلے بائیس غوطے لگائے گا اور اس کی تباہی سے پہلے گزشتہ ماہ ناسا نے نئے مشن کا آغاز کیا تاکہ سیارہ زحل کے بارے میں جتنی معلومات ممکن ہو سکیں حاصل ہو جائیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایوی ایشن ماہرین نے پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کے تباہ ہونے میں انسانی غلطی کے امکان کو مسترد نہیں کیا اور ان کا ماننا ہے کہ ”انجن کی خرابی کے باعث طیارہ تباہ نہیں ہونا چاہئے تھا کیونکہ یہ اس کے بعد بھی آپریٹو انجن کے ذریعے اڑنے کے قابل تھا۔“
ائیرمارشل (ریٹائرڈ) شاہد لطیف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ طیارے کو تباہی سے بچایا جا سکتا تھا۔
ان کے مطابق اگر طیارے کا ایک انجن خراب ہو گیا تھا تو یہ اس کے باوجود اڑ سکتا تھا اور اسے ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے قریبی ہوائی اڈے کی جانب موڑا جا سکتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ”جیسا کہ ہم جانتے ہیں طیارے کا ایک انجن خراب ہوا تھا۔ طیارے کے پائلٹ کو اسے بحفاظت اتار لینا چاہئے تھا۔ طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کے لئے مناسب رن وے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔ طیارے کے پائلٹ کو ہنگامی حالات کو مناسب طریقے سے سنبھالنا چاہئے تھا۔“
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ پائلٹ کی غلطی کے باعث پیش آیا کیونکہ وہ ہنگامی حالات کا مناسب طریقے سے سامنا نہیں کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائلٹ اور کو پائلٹ کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونا بھی حادثے کی ایک وجہ ہے۔ ناگزیر حالات میں طیارے کی تباہی پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ”اگر کوئی طیارہ ہوا میں آگ پکڑ لے اور جل جائے تو اسے ناگزیر حالات کہا جائے گا۔“
پاکستانی نژاد برطانوی ایوی ایشن ماہر ملک ریاض اعوان کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ پاکستان میں ائیرکریش کا پہلا واقعہ ہے تاہم کسی بھی دعوے سے قبل بہت سی چیزوں کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”کسی طوفان یا آسمانی بجلی کے طیارے سے ٹکرانے کے امکان کو یکسر مسترد کرنا ہو گا۔ طیارے کے پائلٹ کی جانب سے بھیجا جانے والے آخری پیغام بھی بہت اہم ہے۔“
دو انجن والے طیارے کا ایک انجن کے ساتھ پرواز کرنے کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”پائلٹ کو صرف تھروٹل اور ایندھن کی فراہمی کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔“ ان کا کہنا تھا کہ طیارے حادثے کی تحقیقات مہینوں پر محیط ہوتی ہے اور اس میں لوڈنگ کے معاملے کو بھی چیک کرنا چاہئے کیونکہ نامناسب لوڈنگ کشش ثقل پر اثرانداز ہوتی ہے اور حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر طیارے کا ایندھن ختم بھی ہو جائے تو یہ اس کے بعد 20 منٹ تک پرواز کر سکتا ہے۔
ائیربلیو طیارہ حادثہ متاثرین کی تنظیم (اے سی اے اے) اور بھوجا ائیر کریش فیملیز ایسوسی ایشن نے حادثے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تحقیقات سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اثر نہیں ہونی چاہئیں۔
حادثے کی جلد از جلد رپورٹ کی تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ سول ایوی ایشن کے معاملے میں کیرئیرز اور ریگولیٹرز کے روئیے سے بہت مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 سال کے دوران ملک بھر میں کئی حادثات ہوئے جن کے نتیجے میں 350 انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ”حالیہ حادثے نے سول ایوی ایشن کے ملکی سیکٹر میں لاگو معیاری آپریٹنگ کے طریقہ کار کے نظام میں خامیوں کو ایک بار پھر عیاں کر دیا ہے۔“
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی سے امریکی سینیٹر جان مکین نے ملاقات کی ہے جس میں پاک افغان تعلقات ،ورکنگ باﺅنڈری اور ایل او سی پر کشیدگی کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں طارق فاطمی نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال سے بھی جان مکین کو آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی ہیں ۔
اس موقع پر سینیٹر جان مکین نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا ۔جان مکین نے ملٹری کمانڈکی تبدیلی پر بھی مبارکباد دی ۔طارق فاطمی نے سینیٹر جان مکین کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی ۔
ایمز ٹی وی( تجارت) وزیر اعظم کے خصوصی معاون و وزیر مملکت وسرما یہ کاری بورڈ کے چیئر مین مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ حکومت کاروبار آسان بنانے اور سرما یہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، سی پیک منصوبے کے تحت مقامی صنعتکاروں کو بھی غیر ملکیوں کے برابرمراعات دی جائیں گی ۔
امید ہے توانائی کے منصوبے بروقت مکمل ہوں گے اور 2017کے آخر تک لوڈشیڈنگ سے مکمل نجات مل جائے گی، ان خیالات کا اظہارانہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اپنے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معیشت کی سمت متعین ہو گی اور یہ ایشیا میں تجارت اور سیاحت کا محور بن جائے گا، سرمایہ کاری بورڈ اور تاجر برادری کے درمیان تعلق و رابطہ مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، برآمدات میں کمی ہمارے لیے تشویشناک ہے ،تاجر برادری کے تحفظات کا احساس ہے ۔
ہماری کوشش ہے کہ معلومات شفاف رکھی جا ئیں اور تاجر برادری کے ساتھ رابطے تیز کیے جائیں ۔اس سے پہلے صدر چیمبر راجہ عامر اقبال نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں وزیر مملکت وسرما یہ کاری بورڈ کے چیئر مین مفتاح اسماعیل کا چیمبر آمد پر شکریہ ادا کیا، صدر چیمبر نے انہیں راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں مختصر بریفنگ دی ،راجہ عامر اقبال نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پاکستان کا چوتھا بڑا شہر ہے ۔
اسے سی پیک منصوبے کے تحت صنعتی زونز کا حصہ بنایا جائے ،خطہ پوٹھوار میں فارماسیوٹیکل ، سیمنٹ ،پولٹری اور ماربل کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مجوزہ صنعتی زونز میں چینی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ ونچر کیے جائیں اور مقامی کمپنیوں کو بھی وہی مراعات دی جائیں تاکہ مسابقت کی فضا قائم رہے ، انہوں نے کاروبار آسان کرنے کے حوالے سے تجویز دی کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان سیلز ٹیکس، سروسز، کسٹم ڈیوٹیوں اور دیگر معاملات میں تنازعات کے حل کے لیے چیمبر ز کو سرمایہ کاری بورڈ میں نمائندگی دی جائے ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی بدتہذیبی کی مثالیں تو کئی بار دیکھ چکے ہیں لیکن آج جو بدتہذیبی کی مثال انہوں نے قائم کی وہ بے مثال ہے۔ عمران خان شارٹ کٹ میں شیروانی پہننا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوشہ رحمان نے کہا کہ عمران خان نے عدالت میں آج جو بدتہذیبی کی مثال قائم کی وہ بے مثال ہے۔ عمران خان نے عدالت میں کہا کہ کمیشن بنا تو بائیکاٹ کریں گے ، پی ٹی آئی کا یہ رویہ افسوسناک اور شرمناک ہے ، عدالت جب بھی بلائے گی ہم آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آج اپنے وکلاءکے ذریعے یہ پیغام پہنچایا کہ کمیشن بنانا ہے تو قبول ہے اور اگر خود کیس سننا چاہتے ہیں تو بھی قبول ہے۔ عمران خان تو شائد بھول گئے کہ کیس تھا کیا، وہ تو ٹرک بھر کر ثبوت لا رہے تھے، وہ کہاں گئے؟ جو فوٹو کاپیاں انہوں نے لگائیں کیا وہ شہادتیں تھیں؟ ہم نے عمران خان کے تمام الزامات کا بھرپور جواب دیا۔
انوشہ رحمان نے کہا کہ وزیراعظم کے وکیل نے دستاویزات اور قانون کی روشنی میں واضح کیا کہ مریم نواز کسی صورت بھی وزیراعظم کے زیر کفالت نہیں ہیں جبکہ یہ بھی ثابت کیا کہ وزیراعظم کی تقاریر میں کوئی تضاد نہیں تھا۔ وزیراعظم کے وکیل نے سپریم کورٹ میں کہا کہ وزیراعظم کی تقریر سیاسی تھی تو عمران خان نے اسے جھوٹ قرار دیاحالانکہ سیاسی تقریر کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ جھوٹ ہے، اس کا مطلب یہ تھا کہ وہ سیاسی عام فہم تھی اور اس میں کوئی تکنیکی پہلو نہیں تھا۔
عمران خان کے نزدیک سیاست جھوٹ ہو گی لیکن ہمارے نزدیک یہ عبادت ہے ۔ یہ نہ پاکستان کے عوام کو مانتے ہیں نہ اداروں کو مانتے ہیں ، ”اوئے فلاں، اوئے فلاں“ کہہ کر اداروں کی تضحیک کرتے ہیں ۔ ہم کام کرنا چاہتے ہیں لیکن ایک شخص کی ہٹ دھرمی ملک کو روک رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو عدالتوں کو پورا اعتماد ہے اور عدالت جب بھی بلائے گی ہم آئیں گے۔
ایمز ٹی وی(تجارت) لاہور اور گردونواح میں دھند نے ڈیرے ڈال دیئے اور حد نگاہ 30میٹرتک جاپہنچی ، لیسکو نے بجلی کا نظام بچانے کیلئے انوکھا طریقہ اپنایا اور گرڈ سٹیشن ہی بند کردیئے۔
جس کی وجہ سے لاہور کا بڑا حصہ بجلی سے ہی محروم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو حکام نے دھند کی وجہ سے پیداہونیوالی نمی کے باعث ممکنہ طورپر پہنچنے والی خرابی سے ترسیلی نظام کو بچانے کے لیے گرڈ سٹیشن ہی بند کردیئے جس کی وجہ سے صوبائی دارلحکومت کے اکثرعلاقے رات گئے سے بجلی سے محروم ہیں۔
لیسکو حکام کاکہناتھاکہ دھندکی شدت کم ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی ۔
بجلی کی بندش کی وجہ سے تاج پورہ ، سمن شادمان ، ٹاﺅن شپ ، مغل پورہ ، وحدت روڈ ، اچھرہ سمیت دیگرعلاقے بجلی سے محروم ہیں۔