Reporter SS
ایمزٹی وی( خیبر پختونخواہ)خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے خوفزدہ ہو کر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر آگئے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ،گہرائی اور مرکز کا پتہ لگا یا جا رہا ہے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ تاحال زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔افغان میڈ یا کے مطابق دارالحکومت کابل اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
ایمزٹی وی(چترال)مرحوم ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ وڑائچ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی تاہم انکی والدہ نے بیٹے کی میت گھر کی بجائے قبرستان لیجانے کی اجازت دیدی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ڈی سی چترال اسامہ احمد وڑائچ ، اہلیہ اور بیٹی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک ، لیگی رہنما ظفر الحق ا ور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے بعد مرحوم کی والدہ نے بیٹے ، بہو اور پوتی کی میتیں گھر لانے کی بجائے سیدھا قبرستان لیجانے کی اجازت دیدی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ والدہ کی اجازت کے بعد اب تینوںمیتیں تدفین سے قبل انکے گھر لیجانے کی بجائے قبرستان پہنچائی جائیں گی جہاں انکی تدفین ہو گی۔دوسری جانب پمز ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے مکمل ہونے تک کولڈ سٹوریج میں رکھی جائیں گی ۔
ایمزٹی وی(ایبٹ آباد) پاک فوج نے حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا بلیک باکس ڈھونڈ نکالا ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حویلیاں میں تباہ ہونے والے طیارے پی کے 661کا بلیک باکس مل گیا ہے ، امدادی کاموں میں مصروف پاک فوج کے جوانوں نے رات گئے جہاز کے ملبے سے بلیک باکس کو نکال کرلیا جس سے حادثے کے محرکات کا پتہ لگانے میں مدد مل سکے گی ۔
پاک فوج کے جوانوں نے بلیک باکس سول ایوی ایشن حکام کے حوالے کر دیا ہے اور انویسٹی گیشن بورڈ اس کی جانچ پڑتال کریگا جس کے بعد اسے ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانس بھیجا جائے گا تاہم ڈی کوڈنگ کے عمل میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں ۔
حادثے کی خبر ملتے ہی پاک فوج کے جوان جائے حادثہ پر پہنچے اورآگ بجھانے کے بعد میتوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا جس کے بعد این ڈی ایم اے کے اہلکار بھی امدادی کاموں میں شریک ہوگئے ۔ فوجی جوانوں نے 48افراد کی میتیں جہاز کے ملبے سے نکالنے کے علاوہ حادثے کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے والا بلیک باکس بھی ڈھونڈ نکالا ۔بلیک باکس میں پائلٹس کی کنٹرول ٹاور سے ہونے والی گففگو اور پائلٹس کی آپس میں ہونے والی بات چیت ریکارڈ ہوتی ہے۔
ایمز ٹی وی( مانیٹرنگ ڈیسک) اپنی درخواست میں ایپل کارپوریشن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سام سنگ نے اس کے آئی فون ڈیزائن پیٹنٹ کے اجزاء چوری کرکے اپنے اسمارٹ فونز میں استعمال کئے ہیں جس پر سام سنگ اسے اپنے اسمارٹ فونز کی فروخت سے ہونے والا سارا منافع بطور ہرجانہ ادا کرے۔ طلب کردہ ہرجانے کی رقم 399 ملین ڈالر (تقریباً 40 ارب پاکستانی روپے) تھی۔
امریکی سپریم کورٹ میں اس مقدمے کی سماعت کرنے والے آٹھوں جج صاحبان نے سام سنگ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ڈیزائن کے مختلف حصوں/ پرزوں کی پیٹنٹ بغیر اجازت استعمال کرنے کا ہے جس کا اطلاق پورے اسمارٹ فون پر ممکن نہیں اور اس لئے ایپل کی جانب سے سام سنگ کو اسمارٹ فون کی فروخت سے ہونے والے تمام منافعے کا تقاضا بھی غلط ہے۔
گیارہ صفحات پر مشتمل اس فیصلے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے یہ مقدمہ زیریں عدالت میں واپس بھیجنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
ٹیکنالوجی کی صنعت سے وابستہ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ خاص طور پر امریکہ میں پیٹنٹ رکھنے والے افراد اور اداروں میں یہ رجحان بڑھتا جارہا ہے کہ وہ اپنی پیٹنٹ کے غیر قانونی استعمال کے خلاف ہرجانے کی درخواست دائر کرکے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ امریکی سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ اس چلن پر روک لگانے میں بہت اہم ثابت ہوگا۔
اس وقت ایپل کارپوریشن نے امریکہ کی زیریں عدالت میں سام سنگ کے خلاف پیٹنٹ قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق کئی مقدمات دائر کر رکھے ہیں جن میں جیوری نے سام سنگ کے خلاف پہلے ایک ارب ڈالر ہرجانہ تجویز کیا تھا جسے بعد میں کم کرکے 548 ملین ڈالر کردیا گیا۔ مذکورہ 398 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ بھی ان ہی میں سے ایک تھا جسے ایپل کارپوریشن کی درخواست پر امریکی سپریم کورٹ میں چلایا جارہا تھا۔
بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ انہیں اس فیصلے پر کوئی خوشی نہیں ہوئی بلکہ اندازہ ہوا ہے کہ امریکی عدالتیں بھی ٹیکنالوجی کے حقوقِ ملکیت جیسی چیزوں پر مقدمات کا فیصلہ کرنے کےلئے ابھی تیار نہیں۔
ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارت کے سابق آرمی چیفس نے مودی سرکارکو پاکستان پرحملے کا مشورہ دے دیا۔
بھارتی میڈیاکے مطابق 2سابق آرمی چیفس جنرل (ر)بکرم سنگھ اور جنرل (ر) وی پی ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان میں شدت پسندوں کو ٹارگٹ کرنے اور پاکستانی فوج پر سخت حملے کرنے کے لیے خفیہ آپریشن کرنا چاہیے۔
ایک ٹی وی پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے رٹائرڈ جنرل بکرم سنگھ نے کہا کہ بھارت کو بلوچستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فالٹ لائنز کو توڑ دینا چاہیے تاکہ پاکستانی فوج کو اندرونی معاملات پر توجہ دینے پر مجبور کیا جائے اور وہ بیرونی خطرات کو بھول جائے۔
ایمز ٹی وی( تجارت) کراچی میں بلڈرز پھر بھتے اور قبضوں کی زد میں آگئے ۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز کا ایران سے بھتا گروپ چلانے والے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ روز بھتا نہ دینے والے بلڈر کے دفتر پر کریکر حملے کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا ۔
کراچی کے بلڈرز پھر خوف کی زد میں ہیں، ناظم آباد اور سرجانی ٹاؤن میں جاری منصوبوں پرپہنچنا مشکل ہوگیا ہے۔ ایک ماہ سے بھتے کے لئے دھمکیوں کی کالز آئیں لیکن اس مرتبہ چپ رہنے کے بجائے خراب ہوتی ہوئی صورتحال پر پہلے تمام سیکورٹی اداروں سمیت گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی خط بھیجے گئے۔
اس کے باوجود گزشتہ روز گلبہار میں بلڈر کے دفتر پر کریکر حملہ کیا گیا ۔ صوبائی سطح پر معاملہ حل نہ ہوا تو پریس کانفرنس کے ذریعے وزیراعظم ،آرمی چیف اور کورکمانڈرسے مدد مانگ لی گئی۔
اکتوبر سے 7واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھتہ خور سلیم چاکلیٹی ایران سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے جس نے ایک بلڈرز سے 50 لاکھ روپے بھتا مانگا ہے۔
بلڈرز کے مطابق بھتے اور قبضے کے واقعات کو نہ روکا گیا تو حالات پھر قابو سے باہر ہوجائیں گے۔
ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی عدالت نے 3طلاقوں کو غیر قانونی اور مسلمان خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیدیا ۔
ذرائع کے مطابق الہٰ آباد ہائی کورٹ نے طلاق کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی اور اسلام میں 3طلاقوں کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمان خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ کوئی بھی پرسنل لا بورڈ بھارتی قانون سے بالاتر نہیں تاہم آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈسمیت بھارت میں بعض حلقوں کی جانب سے اس عدالتی فیصلے پر نکتہ چینی بھی کی جارہی ہے ۔
ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان نے بھارت کی 33لاکھ ڈالر مالیت کی 10ہزار کپاس کی گانٹھوں کی کھیپ واپس بھجوا دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کراچی بندرگاہ پر بھارتی کپاس کی گانٹھیں لائی گئی تھیں۔
محکمہ وزارت خوراک سیکوریٹی اور ریسرچ نے اسے مسترد کردیا اور کسٹم حکام کو ہدایت کی گئی کہ اسے واپس بھجوادیا جائے۔
دریں اثناء آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کےسینئروائس چیئرمین (آپٹما)ذاہد مظہر نے بھارت سے کاٹن درآمدات کی اجازت نہ دینے پر حکومتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایمز ٹی وی( تجارت) ایران نے اپنی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے تیل و گیس درآمد کرنے والی کمپنی شیل کے ساتھ ابتدائی معاہدے پر دستخط کرلیے۔
معاہدے سے شیل کے لیے ایران کی جنوبی آزادیگان اور یاداواران آئل فیلڈز اور خلیج میں واقع کش آئی لینڈ میں ایک آف شور گیس فیلڈ تک جانے کے راستے کھلیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے شیل کمپنی کے نائب صدر نے بتایا کہ معاہدے سے اینگلو ڈچ کمپنی کے لیے ایران میں کاروبار کے لیے نئے باب کی شروعات ہوگی۔
شیل کمپنی کے نائب صدر نے کہا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ توانائی کے حوالے سے دباؤ میں ہے اور ایران کی واپسی سے نہ صرف دنیا میں توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ ایران کی معاشی ترقی کے لیے بھی راہ ہموار ہوگی۔
خیال رہے کہ ایرانی حکام نے اس معاہدے سے قبل کہا تھا کہ اس میں فرانسیسی کمپنی ٹوٹل بھی حصہ لے رہی ہے، مگر اب حکام نے اس معاملے پر کوئی بھی بات کرنے سے انکار کردیا۔
ایرانی عہدیداروں کے اندازوں کے مطابق اس معاہدے کے ذریعے صرف جنوبی آزادیگان کے منصوبے سے 10 ملین امریکی ڈالر کی کمائی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی حکومت کی جانب سے رواں برس اکتوبر میں عالمی کاروباری اداروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری کیے جانے کے وقت کچھ تنازعات سامنے آئے تھے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر عہدیدار نے کہا تھا کہ یہ ایرانی اداروں کے لیے ذلت کا مقام ہوگا کہ ان کو اس معاہدے کے تحت غیر ملکی اداروں کے تابع کیا جائے۔
تاہم دوسری جانب ایران کی وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ ملکی توانائی کی صنعت کے لیے اہم ہے۔
واضح رہے کہ فرانس کی کمپنی ٹوٹل نے گزشتہ ماہ ایران کے ساتھ 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کا ابتدائی معاہدہ کیا تھا جس کے تحت جنوبی پارس میں آف شور گیس فیلڈ کی تعمیر کی جائے گی۔
رواں برس جنوری میں عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے تحت پابندیاں ہٹ جانے کے بعد یہ ایران کا پہلا عالمی معاہدہ تھا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کا ہیلی کاپٹر پرواز کے تھوڑی دیر بعد موسم کی خرابی کے باعث واپس اتار لیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد سے مظفر آباد جا نا تھا ،ان کے ہیلی کاپٹر نے مظفر آباد جانے کے لیے اسلام آباد سے اڑان بھری تو تھوڑ ی ہی دیر بعد موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کو مری میں اتارلیا گیا ۔بتا یا جا رہاہے کہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں وزیراعظم مظفر آباد جائیں گے لیکن اگر موسم بدستور خراب رہا تو وزیراعظم واپس اسلام آباد آجائیں گے ۔