جمعہ, 29 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) حکومت نے جسٹس ثاقب نثار کو نیا چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے موجودہ چیف جسٹس سپریم کورٹ انور ظہیر جمالی کے مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد میاں ثاقب نثار کو نیا چیف جسٹس مقرر کر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جسٹس ثاقب نثار 31دسمبر سے نئے چیف جسٹس سپریم کورٹ ہونگے۔

وزارت قانون نے نوٹیفکیشن صدرپاکستان کی منظوری سے جاری کیا ۔موجودہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان انور ظہیر جمالی30 دسمبر کو اپنی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے بعد جسٹس ثاقب نثار چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ۔

جسٹس ثاقب نثار چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے بعد سینئر ترین جج ہیں جنہیں چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کیا گیا ہے ۔جسٹس ثاقب نثار 17 جنوری 2019 ء کو ریٹائر ہونگے۔

 

 


ایمزٹی وی(چترال) صوبائی وزیر مشتاق غنی نے کہا ہے کہ طیارے میں ڈی سی چترال اور ایک چینی باشندہ بھی سوار تھا۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق صوبائی وزیر کے پی کے مشتاق غنی نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونیوالے بد قسمت طیارے پی کے 661 میں ڈی سی چترال اسامہ وڑائچ اور ہی چینگ نامی چینی باشندہ بھی سوار تھا۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی)پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کے تباہ ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پاک فوج بھی میدان میں آ گئی ہے اور امدادی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔ ان امدادی دستوں میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کے ابتدائی طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم اس کے کچھ ہی دیر بعد حویلیاں میں طیارے کے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہونے لگیں اور عینی شاہدین کے مطابق دھویں کے انتہائی گہرے بادل بھی اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(چترال) ممکنہ طورپر چترال سے اسلام آباد آنیوالا قومی ایئرلائن کاطیارہ حویلیاں کے قریب مجاب کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جہاں سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہاہے ۔

عینی شاہدین کے حوالے سے مقامی میڈیا نے دعویٰ کیاکہ آرڈیننس فیکٹری کے عقب میں مجاب اور پپلیاں کے قریب دھواں اٹھتادکھائی دے رہاہے اور یہ پہاڑی علاقہ ہے ۔

یادرہے کہ ساڑھے چار بجے اس بدقسمت طیارے پی کے 661کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیاتھا جبکہ پولیس نے بھی ریسکیوٹیمیں موقع پر بھیجنے کی تصدیق کردی۔

 

 

ایمز ٹی وی( انٹرٹینمنٹ) بھارت میں ویسے تو پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باعث فواد خان اور علی ظفر اپنی فلموں ’اے دل مشکل‘ اور ’ڈئیر زندگی‘ کی تشہیر کا حصہ نہیں بن سکے، تاہم فلم 'رئیس' کے ہدایت کار راہول ڈھولکیا نے فلم کی مرکزی اداکارہ ماہرہ خان کے حوالے سے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو انہیں بھارت لے کر آئیں گے۔

فلم 'رئیس' کا پہلا ٹریلر لانچ کر دیا گیا ہے، اس ایونٹ میں شاہ رخ خان، نوازالدین صدیقی اور راہول ڈھولکیا موجود تھے، جبکہ ماہرہ خان حالات کے باعث اس کی ریلیز کا حصہ نہیں بن سکیں۔

تاہم جب راہول ڈھولکیا سے ماہرہ خان کی غیر موجودگی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ضرورت پڑی تو ماہرہ کو فلم کی پروموشنز کا حصہ بنانے کے لیے بھارت لائیں گے، مجھے نہیں لگتا کہ بھارتی حکومت ماہرہ کے ہندوستان آنے پر کسی قسم کی پابندی عائد کرے گی، ایسا نہیں ہے کہ وہ پاکستان سے آنے والوں کو ویزا دینا بند کردیں، تو جب بھی ہم ماہرہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کریں گے وہ یہاں موجود ہوں گی'۔ماہرہ خان کی ڈیبیو بولی وڈ فلم 'رئیس' میں وہ شاہ رخ خان کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی، جبکہ شاہ رخ خان ایک گجراتی گینگسٹر اور نواز الدین صدیقی پولیس اہلکار کے طور پر شامل ہوں گے۔

فلم 'رئیس' اگلے سال 25 جنوری کو ہریتھیک روشن کی فلم 'قابل' کے مدمقابل ریلیز کی جائے گی۔

شاہ رخ خان نے بھی فلم 'رئیس' کے ٹریلر کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر مداحوں سے شیئر کیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ 'بولا تھا نہ میں نے، لو آگیا'۔

 

 


ایمزٹی وی(چترال )چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لاپتہ ہو گیا ہے،غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ حویلیاں کے قریب پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیارے پی کے 661نے چترال سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری لیکن کچھ دیر بعد طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منتقطع ہو گیا ۔جس وقت طیارے کا رابطہ منقطع ہوا اس وقت طیارہ حویلیاں پہنچا تھا۔۔بتا یا جا رہا ہے کہ طیارے میں 47افراد سوار تھے ۔

لاپتہ ہونے والا پی آئی اے کا یہ طیارہ اے ٹی آر ہے جو چترال سے اسلام آباد کی پرواز کرتا ہے ۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حویلیاں کے قریب آرڈیننس فیکٹری کے قریب پہاڑی علاقے میں لوگوں نے طیارہ گرتے ہوئے دیکھا ہے ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق جس جگہ پر طیارے کے گرنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں وہاں سے دھویں کے گہرے بادل اٹھ رہے ہیں اور پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ ہو چکی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف اینکرپرسن اورفلمسازریحام خان نے کہاہے کہ میں شادی نہیں کروں گی،زندگی ملک کی خدمت کیلئے وقف کردی ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہو ں نے دنیانیوزکے مقبول پروگرام مذاق رات میں کیا۔ریحام خان کاکہناتھا عورت کانام ہی قربانی ہے ۔

میں نے پہلے بھی قربانیاں دیں اوراب پاکستان کیلئے قربانیاں دوں گی۔ اپنی دھرتی ،ماں ہوتی ہے اور مجھے پہچان پاکستان سے ملی۔

وہ سینئراداکارامان اللہ ،افتخار ٹھاکر اورقیصرپیاکی مزاحیہ گفتگوسے بے حد مسرورہوئیں اورانہوں نے عائمہ بیگ اورمحسن عباس حیدرڈی جے کے گیتوں کوبھی پسندکیا۔واضح رہے کہ مذاق رات کے میزبان واسع چودھری اورپراجیکٹ ہیڈایوب خاورہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل آسٹریلیا میں غیرملکی سٹے بازوں کے ایجنٹ سرگرم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی بکیز نے آسٹریلیا میں موجود اپنے ’مخبری‘ نیٹ ورک کی آزمائش شروع کردی ہے۔ جنوبی افریقہ سے حالیہ ٹیسٹ سیریز سکون سے گزری، مگر اب نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران ایک پچ سائیڈر کوپولیس نے اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا جب وہ موبائل فون پر سمندر پار بک میکر کو میچ کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کررہا تھا۔ کرکٹ میں پچ سائیڈنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس میں بکیز ٹی وی پر لائیو نشریات میں 15 سے 20 سیکنڈزکے فرق کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

پچ سائیڈنگ غیرقانونی نہیں مگر یہ کرکٹ آسٹریلیا کے میچ کیلیے اسٹیڈیم میں داخلے سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کہلاتا ہے، رواں سیزن میں آسٹریلیا نے اسٹیڈیمز کی اندرونی سیکیورٹی کو خاص طور پر ایسی چیزوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

گذشتہ روز مانوکا اوول میں پولیس کو جب اچھی طرح اس بات کا اندازہ ہوگیا کہ ایک تماشائی اپنے موبائل فون کے ذریعے میچ کی تازہ ترین صورتحال سے کسی کو آگاہ کررہا ہے تو انھوں نے فوری کارروائی کی، آدھا درجن کے قریب پولیس اہلکاروں نے مذکورہ شخص کو اپنے گھیرے میں لیا اور گراؤنڈ سے باہر کا راستہ دکھا دیا، اب اگر وہ دوبارہ کسی دوسرے مقابلے میں یہی حرکت کرتے ہوئے پایا گیا تو سیزن میں باقی مقابلوں کیلیے اسٹیڈیم میں داخلے پر ہی پابندی عائد کردی جائے گی۔

گذشتہ برس آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کے موقع پر بھی کئی پچز سائیڈرز کو پکڑا گیا تھا۔ 2 سیزنز پہلے ایک برطانوی شخص راجین مولچندانی کو بگ بیش کے تین میچز میں پچ سائیڈنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر 1200 ڈالر جرمانہ کردیا گیا تھا۔تازہ ترین واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سیکیورٹی کو اگلے ہم مقابلوں کے دوران مزید چوکس رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ فلم ڈیئر زندگی کو اپنی کہانی اور ذہنی تناؤ جیسے حساس معاملے کی وجہ سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے

لیکن بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم سے ان کا کلائمکس سین ہی کاٹ دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار کا اپنے انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ وہ فلم کے کلائمکس سین میں اپنے کردار کی توقع کر رہے تھے لیکن فلم کی پروڈکشن ٹیم نے وقت کی کمی کے باعث وہ سین ہی فلم سے کاٹ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی فلم کی تیاری کے دوران اس کے تخلیقی پہلوؤں میں مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی کبھی ایک اداکار کی حیثیت سے کسی فلم کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔

واضح رہے کہ 23 نومبر میں سینما گھروں کی زینت بننے والی فلم ڈیئر زندگی میں شاہ رخ خان اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم میں شاہ رخ خان ڈاکٹر جب کہ عالیہ بھٹ مریضہ کا کردار ادا کر رہی ہیں، فلم بینوں کی جانب سے ڈیئر زندگی کو ایک کامیاب پروجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے جو اب تک 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) انگلینڈ بھی پاک بھارت دشمنی کو کیش کرانے کی پلاننگ کرنے لگا
تفصیلات کے مطابق انگلینڈآئندہ برس جون میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کررہا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ایجبسٹن میں ہوگا، وہاں میچ کی ٹکٹیں فروخت شروع ہونے کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ختم ہوگئیں۔ اسی بات نے انگلش بورڈ کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے لندن کے 60 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے اولمپک اسٹیڈیم پر غور کرنے کیلیے مجبور کردیا ہے۔ یہ اسٹیڈیم اس وقت ویسٹ ہام یونائیٹڈ کے زیر استعمال ہے تاہم ورلڈ کپ میچز کا وقت فٹبال کے حوالے سے آف سیزن ہوگا۔

انگلش بورڈ پاک بھارت جیسے میگا مقابلوں کا انعقاد لندن اسٹیڈیم میں کرنا چاہتا ہے جس کی گنجائش انگلینڈ میں موجود کسی بھی کرکٹ اسٹیڈیم سے دگنی ہے۔ اگر یہاں پر کرکٹ میچ ہوتے ہیں تو پھر اسٹینڈز کو بھرنے کیلیے ٹکٹوں کے نرخ تھوڑے کم ہی رکھے جائینگے۔ ایسیکس کے چیف ایگزیکٹیو نے پہلے ہی کاؤنٹی کی جانب سے2018 میں چند ٹوئنٹی 20 میچز لندن اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا عندیہ دیا ہے، مگر اس سے قبل یہ دیکھا جائے گا کہ کیا اس وینیو کا پلیئنگ ایریا انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے کافی ہے، دوسرا یہاں پر ڈراپ ان پچز بنانا ہوں گی تاکہ عام دنوں میں فٹبال میچز منعقد ہوسکیں۔

یہ حقیقت ہے کہ لندن اسٹیڈیم کا پلیئنگ ایریا بہت کم ہے تاہم نیوزی لینڈمیں رگبی کیلیے بنائے جانے والے ایڈن پارک کی باؤنڈریز بھی آئی سی سی قوائد سے کم ہونے کے باوجود وہاںگذشتہ برس ورلڈ کپ میچز بھی منعقد ہوئے۔ ای سی بی کو اپنی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے سے قبل کاؤنٹیز کو بھی راضی کرنا ہوگا، میگا ایونٹ کے تمام 48 میچز 2014 سے قبل ہی تمام وینیوز میں تقسیم کیے جا چکے ہیں،اگر کوئی نیا وینیو میزبانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تو پھر دوسروں کے مقابلوں کی کٹوتی ہوگی جوکاؤنٹیز کو قبول نہیں ہے۔