Reporter SS
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)انسٹاگرام دنیا بھر میں پچاس کروڑ سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں جس پر روزانہ ہی کروڑوں تصاویر پوسٹ ہوتی ہیں۔
اگر آپ فیس بک کی اس فوٹو شیئرنگ ایپ کو استعمال کرتے ہیں تو آپ کو دیگر افراد کی تصاویر پر ہزاروں لائیکس دیکھ کر حیرت ہوتی ہوگی مگر ایک شخصیت ایسی ہے جسے انسٹاگرام نے خود 2016 کی ملکہ قرار دیا ہے۔
یہ ہیں امریکی گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز جو 2016 میں اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر چھائی رہیں۔
یہاں تک کہ 2016 کی جو پانچ تصاویر سب سے زیادہ لائیک کی گئیں وہ سب کی سب سلینا گومز کی ہی تھیں۔ان کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فوٹو کو 59 لاکھ سے زائد افراد نے لائیک کیا جو کہ ایک کوک کی بوتل کو پینے پر تھی۔انسٹاگرام پر ان کے فالورز کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے جو کہ 103 ملین ہے۔
دوسرے نمبر پر ٹیلر سوئفٹ 93.6 ملین فالورز کے ساتھ ہیں جبکہ تیسرے پر بیونسے 88.9 ملین فالورز کے ساتھ کھڑی ہیں۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایسٹونیا کی کمپنی نے ایک چھوٹا، پھرتیلا لیکن خطرناک ٹینک بنایا ہے جو نہ صرف 3 فوجیوں کو بٹھا کر 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتا ہے بلکہ دوبدو لڑائی میں فوجیوں سے آگے رہتے ہوئے اپنی مشین گن سے فائرنگ کرکے 2 کلومیٹر دور اپنے ہدف کو بھی نشانہ بناسکتا ہے۔
ایڈر نامی مشین گن نما یہ ٹینک وقت پڑنے پر اپنی ساخت بھی تبدیل کرسکتا ہے۔ یہ ٹینک قریبی لڑائی میں سپاہیوں کو لے جانے اور ان کی مدد کرنے کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جسے ایک ریموٹ کنٹرول سے بھی قابو کیا جاسکتا ہے یعنی یہ مکمل طور پر خودکار انداز میں بھی کام کرسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگلے 10 برسوں میں جنگ میں سپاہیوں کا ساتھ دینے کے لیے خودکار جنگی مشینوں کی تعداد بھی بڑھ جائے گی۔ کمپنی نے سنگاپور ٹیکنالوجی کائنٹیکس کے اشتراک سے اس جنگی مشین کو تیار کیا ہے جس میں ریموٹ ویپن سسٹم لگایا گیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کا خیال ہے کہ یہ اچھوتا ٹینک مصروف فوجیوں کو میدانِ جنگ میں ٹرانسپورٹ کی سہولت کے ساتھ ساتھ ان کا مددگار بھی ثابت ہوگا۔
اس چوٹے ٹینک کی کی لمبائی 8 فٹ، اونچائی 3 فٹ ہے اور یہ 1653 سے 2205 پونڈ وزن کے ساتھ 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔ اس کی مشین گن پورے ایک دائرے میں گھوم کر دشمن پر وار کرستی ہے جب کہ ضرورت کے تحت چھوٹی اور بڑی گن لگائی جاسکتی ہے۔
ایمزٹی وی(تجارت) رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ جولائی تا نومبر کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 16فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پٹرولیم انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق 5 ماہ کے دوران مقامی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مجموعی فروخت ایک کروڑ 7لاکھ 90ہزار ٹن رہی۔ 5 ماہ کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 15فیصد اضافے سے 35لاکھ 9ہزار ٹن، پٹرول کی فروخت 19فیصد اضافے سے 27لاکھ 70ہزار ٹن جبکہ فرنس آئل کی فروخت 17فیصد اضافے سے 41لاکھ 29 ہزار ٹن رہی۔ اکتوبر 2016کے مقابلے میں نومبر 2016 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مجموعی طور پر11فیصد کمی واقع ہوئی ہے سب سے نمایاں کمی فرنس آئل کی کھپت میں واقع ہوئی جس کی وجہ فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس کی بندش اور بجلی کی پیداوار کیلیے گیس کی دستیابی میں اضافہ قرار دی جارہی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2016کے دوران مجموعی طور پر 20لاکھ 55ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت کی گئیں جن میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 6فیصد اضافے سے 8لاکھ 70ہزار ٹن، پیٹرول کی فروخت 6فیصد کمی سے 5لاکھ 34ہزار ٹن جبکہ فرنس آئل کی فروخت 34فیصد کمی سے 5لاکھ 65ہزار ٹن رہی۔ نومبر 2015کے مقابلے میں نومبر 2016کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مجموعی طورپر 14فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 25فیصد، پیٹرول کی فروخت میں 28فیصد اضافہ جبکہ فرنس آئل کی فروخت میں 6فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ) بلوچستان ہائیکورٹ نے بلوچستان کے سابق گورنر سابق وزیر اعلیٰ سابقہ وزیر مملکت دفاع نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔
بلوچستان ہائیکورٹ میں نواب اکبر بگٹی کیس کی سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ظہیرالدین کاکڑ پرمشتمل بنچ نے کی،کیس میں نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے سابق صدر مشرف و دیگر ملزمان کی بریت کو چیلنج کیاتھا،ہائیکورٹ نے سماعت کے بعد سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ہائی کورٹ نے آئی جی،سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام کو سابق صدر کو ان کی آمد پر سکیورٹی فراہم کرنیکی بھی ہدایت کی،سماعت کے دوران عدالت کے ریمارکس تھے کہ پرویز مشرف یہاں آکر تسلیم کر لیں، بلوچستانی بہت فراخ دل ہیں، معاف کر دینگے۔
عدالت کے یہ بھی ریمارکس تھے کہ کیس کے مر کزی ملزم کو متعدد نوٹسز بھجوائیں ہیں وہ پیش نہیں ہوئے،اس دوران وکیل پرویز مشرف اخترشاہ کا کہناتھا کہ ان کا موکل مفرورکی تعریف پر پورا نہیں اترتا،اس پر عدالت کے ریمارکس تھے کہ آپ ہمت کریں مشرف کے آنے کی یقین دہانی کرائیں۔
پرویزمشرف کے آنے کی تاریخ اور سیکورٹی آپ کی مرضی کے مطابق ہوگی،اس پر اختر شاہ نے کہا کہ مجھے ایک ہفتے کی مہلت دیں ،میں اپنے موکل سے پوچھ لوں کہ وہ کب آ سکتے ہیں،اس پر عدالت نے کہا کہ ہم وکلا ء کا احترام کرتے ہیں اس لئے آپ کو مہلت دی گئی ہے۔بعد میں عدالت نے حکم دیا کہ پرویز مشرف کے وکلاجب تحریری طور پر لکھیں تب ان کی سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں،بعد میں کیس کی سماعت 21 دسمبر تک کے لئے ملتوی کردی گئی
ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسرڈاکٹرخالدعراقی کے مطابق ڈاکٹرآف فارمیسی (صبح و شام) اور ماسٹرزمارننگ پروگرام میں ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کی فہرستیں جاری کردی گئی ہیں۔ڈاکٹر آف فارمیسی(صبح وشام) اور ماسٹرز پروگرام کے ایسے طلبہ جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرست میں آچکے ہیں،وہ اپنی داخلہ فیس8 دسمبر تک جامعہ کراچی کے جمنازیم ہال نزدپوسٹ آفس میں صبح 9:30 تادوپہر1 بجے تک جمع کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جو جاری کردہ داخلہ فہرست سے مطمئن نہیں ہیں وہ7 دسمبر2016 ء تک 500روپے کے عوض کلیم فارم یوبی ایل بینک کیمپس برانچ سے حاصل / جمع کراسکتے ہیں۔علاوہ ازیں طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کلیم فارم جامعہ کراچی کے جاری کردہ ٹیسٹ اسکوراورکلوزنگ پرسنٹیج کو مدنظررکھتے ہوئے جمع کرائیں۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن مین کیمپس آریجا روڈ میں منعقد کیا گیا، جس میں چانڈکا میڈیکل کالج، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر اور بینظیر انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ کمیونٹی ہیلتھ سائنسز کے 350 طلبا و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں، جبکہ بہتر کارکردگی پر تین طلبہ و طالبات کو طلائی میڈل دیے گئے ، ہر کالج کی جانب سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے سمیت مجموعی بہتر کارکردگی پر بھی طلبہ کو طلائی میڈل دیے گئے ،نیرج پرکاش اور شلپا موٹن پوتا نے 2، 2سونے کے میڈل جبکہ ماروی گربخشانی اور سکندر علی نے بھی میڈل حاصل کیے ، چاندی کے میڈل حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انزیلا نے دو چاندی کے میڈل جبکہ پونم بائی، مرک رانی، ہمیر موریو، زویا شیخ، کنول گل ہکڑو، فائزہ سوڈر، مہوش کلہوڑ، زمان علی، مگلدین مسیح اور حسین بخش نے ایک ایک چاندی کے میڈل حاصل کیے ۔
تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سکندر شیخ نے کی، تقریب میں یونیورسٹی کے اکیڈمک کونسل، سینٹ، سینڈیکٹ اور تمام ڈین نے شرکت کی۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر غلام اصغر چنہ نے کہا کہ کانووکیشن سے قبل نومبر میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرکے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ اس یونیورسٹی کا اصل مقصد تحقیق کرنا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمارے اساتذہ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں جو واپس آکر تحقیق کے حوالے سے یہاں کے طلبہ کی رہنمائی کریں گے -
ایمزٹی وی(تعلیم)خیرپور میں دوسری انجنیئرنگ قومی کانفرنس 7دسمبر کو منعقد ہو گی شہید ذوالفقار علی بھٹو انجنیئرنگ کیمپس کے پی وی سی انجنیئر غلام سرور کندھر نے کانفرنس کا اہتمام کیا مہران یونیورسٹی کے وائیس چانسلر افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں دوسری انجنیئرنگ قومی کانفرنس 7دسمبر کو سچل آڈیٹوریم خیرپور میں منعقد ہو گی جس کا اہتمام شہید ذوالفقار علی بھٹو انجنیئرنگ کیمپس کے پرووائیس چانسلر انجنیئر غلام سرور کندھر نے کیا ہے کانفرنس کا افتتاح مہران انجنیئرنگ یونیورسٹی جام شورو کے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کریں گے کانفرنس میں انجنیئرنگ ٹیکنالاجیز شعبے میں مزید ترقی کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی اور ڈگری یافتہ بے روزگار انجنیئروں کو نوکریاں دینے کی منصوبہ بندی پر غور کیا جائے گا ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرمعظم علی خان کے اعلامیے کے مطابق جامعہ کراچی میں سمسٹر سسٹم کے تحت باقاعدہ (ریگولر )طلباء وطالبات کے ’’سالانہ جلسہ تقسیم اسناد‘‘ میں شرکت کے لئے رجسٹریشن فارم05 دسمبرتا23 دسمبر2016 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے مخصوص فارم300/= روپے کے عوض نیشنل بینک آف پاکستان کے کائونٹرواقع سلورجوبلی گیٹ جامعہ کراچی سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔باقاعدہ پرُ شدہ رجسٹریشن فارم اور ڈگری فارم فیس کے ساتھ 10:00 بجے صبح تادوپہر ایک بجے تک (جمعہ 12:00 بجے تک) ’’کانووکیشن کیمپ آفس‘‘ واقع سلور جوبلی گیٹ پر جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں ان امیدواروں کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی جنہوں نے بیچلرز(آنرز) ،بی ایس ،ماسٹرز، فارم۔ڈی اور ایم فارم کا امتحان سال2015 ء میں پاس کرلیا ہے
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) صوبائی محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے کراچی میں طویل عرصے بعد خالی اسامی پر ڈائریکٹر اسکولز ہائر سیکنڈری اسکولز مقرر کرنے کا اُصولی فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالہ سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر فضل پیچوہو نے وزیرتعلیم کو سمری بھجوا دی ہے جس میں ایڈیشنل سیکرٹری اسکولز باقر نقوی کو ڈائریکٹر اسکولز سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکولز کراچی مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس طرح کراچی کے دونوں ڈائریکٹرز پرائمری اور سیکنڈری بیورو کریٹ ہو جائیں گے۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کراچی کی دونوں ڈائریکٹرز کی اسامیوں پر اسکول کیڈر کے بجائے بیورو کریٹ تعینات ہوں گے تاہم باقر نقوی 19 گریڈ کے ہیں جبکہ ڈائریکٹر پرائمری اسکولزریاض صدیقی کا گریڈ 20 ہے۔
اس لئے امکان ہے کہ باقر نقوی کو ڈائریکٹر اسکولز سیکرٹری کا اضافی چارج ملے تاہم یہ علیحدہ بات ہے کہ ڈائریکٹر کالجز کراچی ضمیر کھوسو گزشتہ ایک سال سے 19 گریڈ میں ہونے کے باوجود 20 گریڈ کی اسامی پر کام کر رہے ہیں اور نئے سیکرٹری کالجز ڈاکٹر ریاض میمن نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے۔
محکمہ تعلیم اسکولز میں ڈی او سیکنڈری ایسٹ اور ڈی او سیکنڈری ویسٹ کی اسامیاں بھی خالی پڑی ہیں اس کے علاوہ اے ڈی او بلدیہ میل و فیمیل، اورنگی میل و فیمیل اور سائٹ میل میں بھی اے ڈی اوز کی اسامیاں خالی پڑی ہیں.
ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی پیپلز لیبریشن آرمی کے کمانڈر نے ملاقات کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل زاؤ زونگ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ملاقات کی اور پاک فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔جی ایچ کیو آمد پر چینی جنرل کو پاک فوج کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ چینی جنرل نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے جبکہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف بھی کی ۔ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔