ایمزٹی وی(لاہور)سہالہ پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آوٹ پریڈ کے دوران تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے شاندار عملی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مصروفیات کے باعث شرکت نہ کر سکے جس کے بعد شجاع خانزادہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کالج سہالہ میں 634 جوانوں نے تربیت مکمل کر لی جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس اے ایس آئی کے طور پر خدمات سر انجام دیں گے۔تقریب میں پاس آوٹ ہونے والے جوانوں میں اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئی۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ16دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،جب ارض پاک کے معصوم گوشہ جگروں کو شہید کیا گیا ۔دنیا کی تاریخ میں ایسی بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی جہاں معصوم بچوں کو اتنی بے دردی سے شہید کیا گیا ہو۔میں جامعہ کراچی کی طرف سے ان تمام شہداء پاک وطن کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ان بچوں کی شہادت نے ہماری پوری قوم کو متحد کردیا ہے۔ہم دشمنوں کو بتادینا چاہتے کہ انہوں نے جو بزدلانہ وارکیاوہ نہایت شرمناک عمل ہے ،ان دہشت گردوں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچانا پوری قوم کا نصب العین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک اسکول ،پشاور کی یاد میں منعقدہ واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔واک شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی قیادت میں پوسٹ آفس تا ایڈمنسٹریشن بلاک منعقد ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ کراچی میں ٹاپ کرنے والے طالب علم کو سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں دیا جانے والا گولڈ میڈل اور شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی لائبریری کو شہداء آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید طلبہ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) سپریم کورٹ کے احکامات پر ڈی ایچ او نے او پی ایس پر مقرر 32 ڈاکٹرز، اسٹاف، نرسوں اور ڈبلیو ایم او کراچی رلیو کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ای او نوشہروفیروز عبدالوھاب ودھو نے سپریم کورٹ کے احکامات پراو پی ایس پر مقرر 32ڈاکٹرز، اسٹاف، نرسوں اور ڈبلیو ایم او کراچی رلیو کردیا ہے۔
رلیو ہونے والوں میں کو آرڈینیٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر عبدالمجید انصاری ، ڈاکٹر بہادرمغل، ڈاکٹر غلام شبیر ملک، ڈاکٹر سکینہ، ڈاکٹر یوسف نول، ڈاکٹر میمونہ جلبانی، گل بی بی، نسیم بیگم نارائي، مشتاق پھرڑو، رسول بخش عامر، ڈاکٹر شہزاد وگن، فاروق جلبانی، ضیاء الدین سولنگی، گھنو خان سولنگی، بشیر میمن، ڈاکٹر عطامحمد رند، غلام مرتضیٰ سہتو، ڈاکٹر ابراہیم منگریو اور ديگر شامل ہیں جوکہ سیاسی آشیرواد حاصل ہونے کی وجہ سے او پی ایس پر کام کررہے تھے ۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات عمران چشتی نے اعلان کیا ہے کہ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور آرٹس ریگولر گروپس کے ضمنی امتحانات 2015کے عملی امتحانات آج سے ہو رہے ہیں۔ تمام طلبہ اپنے عملی امتحانات کا پروگرام حاصل کر لیں۔
سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کےطلبہ عملی امتحانات کا پروگرام گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد جبکہ آرٹس ریگولر کے طلبہ گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج نمبر ایک سے حاصل کرسکتے ہیں جبکہ ان تمام گروپس کی طالبات اپنے عملی امتحانات کا پروگرام سر سید گورنمنٹ گرلز کالج ناظم آباد سے حاصل کرسکتی ہیں۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کو معیاری تعلیم کے سلسلے میں سب سے اعلیٰ کیٹیگری ’’ڈبلیو‘‘ کا اعزاز دیا ہے۔ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کو ڈبلیو کیٹیگری کا اعلیٰ اعزاز مختلف پیرامیٹرس کی بنیاد پر دیا گیا، جن میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز کاجائزہ لینا بھی شامل تھا۔
واضح رہے کہ 2012ء میں قائم ہونے والی سندھ مدرسہ یونیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سربراہی میں صرف تین برس کے قلیل عرصے میں ملک کی ایک بہترین یونیورسٹی بن کر ابھری ہے۔ سندھ مدرسہ یونیورسٹی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مادرعلمی ہے، جہاں پر انہوں نے اپنے تعلیمی کیریئر کا سب سے زیادہ وقت (1877 سے 1892ء تک) گزارا تھا۔ انہیں اپنی مادرعلمی سے بے انتہا پیار اور محبت تھی، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی آخری وصیت کے ذریعے اپنی ذاتی ملکیت کا تیسرا حصہ سندھ مدرستہ الاسلام کو دیا تھا اور انہوں نے ہی اسے 1943ء کو کالج کا درجہ بھی دیا تھا۔
اب بانی پاکستان کی مادر علمی یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے کے بعد ملک کی ایک معیاری یونیورسٹی بن گئی ہے، جس کا اعتراف اب ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی کررہاہے۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ )پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر ایک سالانہ برطانوی سروے میں ایشیا کے سب سے پرکشش مردوں میں تیسرے نمبر پر آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق برطانوی اخبار میں 2015 کے پرکشش ایشیائی مردوں کے حوالے سے سروے ہوا، جس میں پاکستانی گلوکار علی ظفر تیسرے نمبر پر نظر آئے۔اس سروے میں لاکھوں کی تعداد میں ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن برطانوی بینڈ ون ڈائریکشن کے سابق پاکستانی نژاد گلوکار زین ملک نے حاصل کی جبکہ دوسرے پر بالی وڈ اداکار ریتھیک روشن رہے۔ زین ملک اس لسٹ میں سب سے کم عمر پرکشش مرد کے طور پر بھی سامنے آئے۔ٹاپ ٹین کی فہرست میں پاکستانی اداکار فواد خان، سلمان خان، شاہد کپور، شاہ رخ خان اور ہندوستانی ٹیلی ویژن اداکار گورمیت چوہدری شامل ہیں۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ عصر حاضر میں مریضوں کا تحفظ انتہائی ناگزیر ہے جس کے لئے ڈرگ ریگولیٹری ایکٹس پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان کی تیار کردہ ادویات اور فارماسیوٹیکل پروڈکٹس 40 ممالک میں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں جو لائق تحسین ہے ۔اس ضمن میں جامعہ کراچی میں ’’ڈرگ پروڈکٹ بائیوایکولینس لیب‘‘ کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے جس کے لئے رئیس کلیہ علم الادویہ اور فیکلٹی ممبرز کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے کلیہ علم الادویہ کے شعبہ فارما سیوٹیکس کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد ڈاکٹر اے کیوں خان انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے جناح آڈیٹوریم میں کیا گیا تھا۔شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے کلیہ علم الادویہ کو ان تمام شعبوں میں مزید جدید ٹیکنالوجی اور جدید امور اور سہولیات سے آراستہ کرنے کےلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں جن میں کراچی یونیورسٹی کلینک میں40بستروں کی سہولت اور ڈرگ انفارمیشن سیل کا قیام شامل ہے۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جاپان پاکستان کے ذہین اور مستحق طالب علموں کو اسکالر شپ اور سیلف فنانس اسکیم کے تحت اعلی تعلیم کے لیے جاپان بھجوانے کے لیے کراچی میں موجود جاپانی قونصلیٹ کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر اہم یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا ، اس بات کی مفاہمت گزشتہ روز جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل یاسوہارو شنتو اور کراچی کی اہم یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے دوران ہونے والی ملاقات میں ہوئی جس میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر ، سندھ مدرستہ الاسلام کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد علی شیخ ، خادم علی شاہ بخاری انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر رئیس علوی اور جناح یونیورسٹی فار وومن کے چانسلر وجیہ الدین احمد شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور خصوصا کراچی کے زیادہ سے زیادہ طلبہ جاپان میں اعلی تعلیم حاصل کرکے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں اور اس کے لیے وہ کراچی کی اہم یونیورسٹیوں کے ساتھ ملکر ذہین اور مستحق طالب علموں کو جاپان بھجوانا چاہتے ہیں ، اس موقع پر کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ وہ جاپانی سفارتکار کے جذبے کو سراہتے ہیں اور ان کی اس کوشش میں کراچی یونیورسٹی بھرپور تعاون فراہم کرے گی اور اس مقصد کے لیے وہ ڈاکٹر خالد عراقی کو فوکل پرسن نامزد کرتے ہیں جو جاپانی قونصلیٹ کے ساتھ ملکرکام کریں گے ، اس موقع پر سندھ مدرستہ الاسلام کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ جناح یونیورسٹی فار وومن کے چانسلر وجیہ الدین احمد اور خادم علی شاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفسیر رئیس علوی نے بھی جاپانی سفارتکار کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انہیں اپنی یونیورسٹیوں میں خصوصی لیکچر ز کی بھی دعوت دی تاکہ بچوں میں جاپان کے حوالے سے شعور پیدا ہوسکے ۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن)16 دسمبر 2014کو دہشتگردی کا نشانہ بننے والے آرمی پبلک اسکول میں رواں سال ریکارڈ توڑ داخلےجاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول کی پرنسپل جونیئر سیکشن سائرہ داﺅد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کو والدین اور بچوں نے ہتھیار بنالیا ہے اور اس سال ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا ہے اور اسکول انتظامیہ کو نشستوں کی کمی کے باوجود وقت سے پہلے داخلے بند کرنا پڑے اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ داخلہ لینے والوں میں زیادہ تر شہید بچوں کے چھوٹے بھائی بہن شامل ہیں۔اسکول میں داخلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ہر کلاس میں30سے زیادہ طلبا نہیں ہوتے لیکن یہ تعداد اب 37 سے 40 کردی گئی ہے جبکہ سیکورٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کی سیکورٹی میں بہتری لائی گئی ہے اور اسکول کا سارا نقشہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ جدید اسپورٹس کمپلیکس اور یادگار شہداءبھی تعمیرکی گئی ہے