ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایف بی آر نے پاک چین اکنامک کوریڈرو کے تحت توانائی منصوبوں کیلئے چینی کمپنی سائنوشور کو پریمیم کی ادائیگی پر رعایتی ٹیکس سے چھوٹ دینے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے وزارت منصوبہ بندی اور وزارت پانی و بجلی کو آگاہ کیا ہے کہ غیرملکی کمپنیوں کو انشورنس پریمیم کی ادائیگی پر انکم ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہے نہ ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے علاوہ ازیں ایف بی آرکی جانب سے اقتصادی راہداری پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ہٹانے سے متعلق منعقدہ اجلاس کے شرکاء کو بتایاگیاکہ پاکستان میں کام کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے کسی بھی غیرملکی کمپنی کو انشورنس پریمیم کی ادائیگیوں پر انکم ٹیکس لاگو ہے تاہم غیرملکی کمپنیوں کیلئے رعایتی شرح 5فیصد ہےجبکہ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے ایف بی آر سے درخواست کی گئی ہے کہ سائنو شور کو پریمیم کی ادائیگی پر انکم ٹیکس چھوٹ دی جائے تاکہ توانائی منصوبوں کیلیے فنڈز کے اجرا میں تیزی آسکے تاہم اس معاملے کا مزید جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائیگا جس کے تحت اگر ٹیکس چھوٹ دیناپڑی تو ای سی سی سے منظوری لی جائیگی۔
(اسلام آباد) رواں ماہ ملائیشیا میں ہونیوالے گلوبل ٹرانسفرمیشن فورم میں دفترخارجہ نے وزیراعظم نوازشریف کو شرکت نہ کرنے کی تجویزدےدی. دفترخارجہ کے خط میں کہا گیا کہ 3 روزہ گلوبل ٹرانسفرمیشن فورم 21 اکتوبرکواقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تعاون سے ملائیشیاکے دارالحکومت کوالالمپور میں ہورہاہے جس میں مختلف ممالک کے مندوبین ایک دوسرے کے تجربات، چیلنجز اورترقی کے اہداف کے حصول کیلئے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کرینگے۔ملائیشیا کے وزیر اعظم نے وزیراعظم نوازشریف کواس فورم میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم دفترخارجہ وزیر اعظم کواس فورم میں شرکت نہ کرنے کی سفارش کی ہے اوراپنی جگہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کوبھیجنے کی تجویزدی ہے۔
ایمزٹی وی (کراچی)ملک بھر میں کراچی ، لاہور سمیت متعدد شہروں کو ڈیبگی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ذرائع کے مطابق ملتان میں 13 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئ ہے زرائع کے مطابق نشتراسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کے لئے خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے جہاں مزید 13 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ڈینگی کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 31 ہوگئی۔ اسی طرح گزشتہ روز راولپنڈی میں ڈینگی بخار میں مبتلا 49 سالہ خاتون انور مائی دم توڑ گئی تھی جب کہ شہر بھر کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانی حجاج کی تعداد101 ہوگئی ہے جبکہ لاپتہ حاجیوں کی تلاش کا کام جاری ہے تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امورکی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق گزشتہ روزشناخت کی جانے والی 15حجاج کی لاشوں کو مکہ میں سپردخاک کردیاگیا۔ سپردخاک کیے جانے والے حجاج میں کراچی سے تعلق رکھنے والے یامین، تاج مینا،بخت زمان خان، میر کاظم، عبد الغنی،اسکردوکے غلام محمد،عبدالرحیم، مکران کی عائشہ ندیم،جھنگ کے سراج الدین، گجرات کے اصغر علی،خالدی بیگم، میر پورآزاد کشمیر کی سیدہ نرجیس شہناز،اپر دیر کی طاہرہ بیگم اوربنوں کی ایک خاتون شامل ہے۔
ایمزٹی وی (کراچی) آج پاکستان کے پہلے وزیر اعظم، تحریک پاکستان کے سرگرم رہنماشہید ملت نواب زادہ لیاقت علی خان کی 64 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے ۔نواب زادہ لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951 کوکمپنی باغ( لیاقت باغ ) میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران گولی مارکر شہید کر دیا گیاتھا۔شہید ملت لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے سیمینار، مذاکروں، کانفرنسز اور دیگر تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، مختلف سیاسی، صحافتی، عدالتی، مذہبی، دینی، عوامی، سماجی تنظیموں کے قائدین تقریبات سے خطاب کرکے شہید ملت نواب زادہ لیاقت علی خان کوخدمات پرخراج عقیدت پیش کریں گے۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) کراچی سے لاہور تک 1100 کلو میٹر طویل ایل این جی پائپ لائن کا معاہدہ پاکستان اور روس کے درمیان طے پا گیا ہے تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نووک نے کراچی سے لاہور تک 1100 کلو میٹر طویل ایل این جی گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستظ کئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف بھی موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق شمال سے جنوب تک 1100 کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی جس کے لئے روس 2 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، گیس پائپ لائن معاہدے کا پہلا مرحلہ دسمبر 2017 میں مکمل ہو گا جس میں 1.2ارب کیوبک فٹ ایل این جی منتقلی کی گنجائش ہوگی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)علم کی روشنی بانٹتے اپنے شاگردوں کی آنکھوں سے ایک جہاں دیکھتے بینائی سے محروم باہمت استاد خالد محمود نے دوسروں کی آنکھوں میں خواب جگانے کا بیڑہ اٹھا لیا۔ذرائع کے مطابق خالد محمود ایف ایس سی کے طالب علم تھے جب اچانک ان کی آنکھیں بے نور ہو گئیں بعدازاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کیاور پھر ڈبل ماسٹرز کیا اور پھر پیشہ بھی چراغ سے چراغ جلانے کا ہی ڈھونڈا ، قسمت روٹھی پھر بھی علم کی تڑپ باقی رہی۔ زندگی میں کٹھن لمحات بھی بہت آئے لیکن یقین نے ہمیشہ ہاتھ تھام کر منرل کی راہنمائی کی۔ خالد محمود نے بتایا کہ ان کی کلاس کا نتیجہ ہمیشہ سو فیصد رہا ہے۔
ایمزٹی وی (کراچی ) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملو ث 3 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش بتایاکہانہوں نے نیوٹاﺅن اور ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کو قتل کیا ۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا ہے ،گروہ کے سر غنہ بلال سمیت دیگر 7 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)حکومت اور تاجروں کے درمیان ود ہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا۔ وزیر خزانہ نے ودہولڈنگ ٹیکس کو مکمل ختم کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا تاہم انہیں پندرہ نومبر تک ٹیکس مراعاتی پیکیج کے لولی پاپ پر رام کرلیا ہے۔تاجر رہنما بھی وزیر خزانہ کے وعدوں پر یقین کر کے چلے گئے تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات نہیں مانے تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کےمسائل پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ حکومت اور تاجروں کے درمیان مجوزہ ٹیکس مراعاتی پیکیج پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تاجروں کے اٹھارہ میں سے سولہ مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ ود ہولڈنگ ٹیکس کے مکمل خاتمے اور ٹیکس آڈٹ چھوٹ کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو اگلے ایک مہینے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی.