ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت کا بھرپورجواب دے رہے ہیں، پاکستان کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کا حل اپنے طریقے سے چاہتا ہے لیکن پاکستان اس کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں غیرموثر نہیں ہوئیں ، ہماری اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو مزید متحرک بنانے کے لئےعالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ حکومت مختلف ممالک میں خصوصی نمائندے بھیجے گی تاکہ انہیں کنٹرول لائن پر بھارت کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
ایمز ٹی وی (میڈرڈ) اسپینش لیگ،دومہنگےترین کلبزاورمہنگےترین کھلاڑیوں کااہم میچ آج ہوگا، رونالڈو کی رئیل میڈرڈ میسی کی بارسلونا سے ٹکرائے گی، ایک ٹکٹ میں شائقین کو دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کا میلہ دیکھنے کو ملے گا۔
فٹ بال کے دیوانوں کے لئے آج ہے بڑا میچ، بارسلونا کا ہوگا رئیل میڈرڈ سے ٹاکرا، فٹبال کا ڈریکولا بھی آج پھر سے ہوجائے گا آزاد، سواریز چارماہ کی پابندی کے بعد بارسلونا کی جرسی پہنے گا۔
رئیل میڈرڈ کے دیوانے بیل کو کھیلتے نہیں دیکھ پائیں گے، لیکن رونالڈو، روڈریگز، بے بے اور بینزیما کی موجودگی بیل کی کمی پورا کرے گی۔ میسی الیون میں نیمار کا بخار بھی سر چڑھ کر بولے گا، انستیا اور زاوی حملوں کو روکیں گے۔ دنیا کے مہنگے ترین فٹبالرز کا دھماکے دار میچ رات نو بجے شروع ہوگا۔
تازہ ترین اعداد وشمارکے مطابق رلاا میڈریڈ دو ارب دس کروڑ پاونڈ اور بارسلونا دو ارب پاونڈ مالیت کے اثاثوں کے ساتھ فٹبال کی دنیا کے مہنگے ترین کلب ہیں۔ اس میچ میں حصہ لینے والے کھلاڑی رونالڈو کے فیس بک پر دس کروڑ جبکہ میسی کے سات کروڑ فالورز ہیں۔ اس فہرست میں انگلینڈ کے وائین رونی تیسرے نمبر پر ہیں۔
ایمز ٹی وی (حیدر آباد) وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور وسان کا حیدر آباد جیل کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی 1988 سے ساتھ ہیں، ایم کیو ایم کا حکومت میں آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین عقل مند سیاستدان ہیں،ابھی غصے میں ہیں،کچھ دنوں میں غصہ کم ہوجائے گا۔ انہوں نے خواب دیکھا ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مک مکا ہوگی ہیں جبکہ چند سیکریٹریز اور وزارتوں پر معاملات طے پا جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے مہاجر صوبے کا نعرہ نئی بوتل میں پرانا نعرہ ہے، کل کراچی میں رہنے والے افغانیوں نے کہ دیا کہ ہمیں الگ ریاست دی جائے تو اس کا جواب کیا ہوگا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو کراچی سینٹرل جیل پر حملے کی اطلاعات تھی، حملے کے لئے سرنگ بنانے والا تجربہ ہمارے لئے نیا تھا، اس واقعے میں یقینا ًکوئی جہادی تنظیم ملوث ہوگی، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور 5 ملزمان بھی گرفتارکر لئے گئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ملک و قوم کو احتجاج اور انتشار کی سیاست نہیں ، اتحاد اوراتفاق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیاسی جماعتوں اوران کے قائدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سب کو ملک کیلئے ذاتی مفادات اورانا چھوڑ کر بالغ نظری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے کل پاکستان اجتماع عام کی تیاریوں کا آغاز کر دیااوراس مقصد کے لیےلیاقت بلوچ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ہم نے پہلے پاکستان بنایا پھر ہجرت کی اور مہاجر اپنے حصے کا پاکستان ساتھ لے کر آئے تھے جبکہ سندھ کی ایک کروڑ ایکڑ زمین پر جاگیرداروں کا قبضہ ہے اور وہ سرزمین متروکہ سندھ پر قابض ہیں ، جبکہ مہاجر متروکہ سندھ کے اصل وارث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بسنے والے افغان پاکستان میں مہاجر نہیں پناہ گزین ہیں۔اضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن کامران اختر نے پہلی مرتبہ اسمبلی فلور پر مہاجر صوبے کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم آئین کی حدود میں رہتے ہوئے سیاست کررہے ہیں، کسی کے خلاف ہتھیار اٹھانا ہمارا مزاج نہیں، گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ان پر کئی حملے ہوچکے ہیں لیکن انہیں آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کا قصور کیا ہے، ان واقعات میں ملوث افراد کون ہیں اور ان کے خلاف اب تک کیا کارروائی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کا استحکام خطرے میں ڈالنا چاہتی ہیں اورملک میں امن اور ترقی نہیں دیکھنا چاہتیں جن کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اورقومی مفاد کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا ملک دشمن طاقتیں پاکستان کے خلاف سرگرم عمل ہیں، اسلامی، قومی اور وطنی روایات کو مسخ کیا جارہا ہے، نوجوان نسل کو بزرگوں سے باغی بنایا جاریا ہے، اگر کوئی ہماری نئی نسل کو بے راہ رو کرے گا تو وہ خاموش نہیں رہیں گے، اسلام آباد میں فحاشی ، عریانی اور جنسی آلودگیاں نظرآتی ہیں، ہم بھی بہن بیٹی والے ہیں اور جو کچھ اس شہر میں کیا جارہا ہے وہ کسی بھی طرح ٹھیک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جلسے میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم جبکہ اسلام آباد کے جلسے میں فحاشی، عریانی اور جنسی آلودگیاں نظرآتی ہیں جہاں باجے اور باجیاں ہوتی ہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران فیلڈ امپائرز قیصر وحید اور جمیل کامران نے آل راؤنڈر شعیب ملک کے مشکوک بالنگ ایکشن سے متعلق رپورٹ میچ ریفری کو ارسال کی تاہم پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کے مشکوک بالنگ ایکشن سے متعلق رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی، ریفری میچ کے اختتام پر اپنی رپورٹ بھیجتا ہے۔
واضح رہے کہ قائداعظم ٹرافی میں شعیب ملک زرعی ترقیاتی بینک کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے پہلی اننگز میں کراچی ڈولفن کے خلاف 70 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے جادو گر اسپنر سعید اجمل پر آئی سی سی کی جانب سے بالنگ ایکشن مشکوک ہونے کے باعث پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
ایمز ٹی وی (لاہور) پاکستانی کی ناموراداکارہ‘ اینکر ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ کردار نہیں منٹو اہم ہے ’’میں منٹو‘‘ کا حصہ بننے پر ہم سبھی خوش ہیں، ٹی وی پروڈکشن میں تکینکی طور پر بہتر مگر جو کچھ دکھایا جا رہا ہے وہ تشویش کی بات ہے۔ ثانیہ سعید نے کہا کہ سعادت حسن منٹو کو ذاتی طور پر تو نہیں جانتی اور نہ ہی ملاقات ہوئی مگر رائٹر اور ڈائریکٹر نے جیسا چاہا اسے اسی طرح کرنے کی کوشش کی ہے۔ مجھ سمیت سارے ہی فنکاروں کے لیے یہی اہم تھا کہ سعادت حسن منٹو پر بننے والی فلم ’’میں منٹو‘‘ میں کام کر رہے ہیں جس میں ہر کوئی اپنے اپنے کردار کو لے کر پرجوش ہے۔
’’میں منٹو‘‘ میں کام کرنا دلچسپ اور مزیدار رہا ہے، سرمد کھوسٹ کے ساتھ ہمیشہ کام کرتے ہوئے اچھا لگا ہے کیونکہ وہ کہانی اور سیچویشن کے مطابق کرداروں کو لے کر چلتا ہے۔
ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں انگریزی اسٹینڈ اپ کامیڈی میں اپنا نام بنانے والے نوجوان مزاح کار سعد ہارون امریکا میں ہونے والے ’’دنیا کی مزاحیہ ترین شخصیت ‘‘ کے مقابلے میں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے فانئل میں پہنچ چکے ہیں۔
اس مقابلے میں شریک دنیا بھر سے آئے فنکاروں سے ٹکرانے کے بعد سیمی فائنل میں 10 بہترین کامیڈین میں سے سعد ہارون نے 3330 ووٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اس مقابلے کا فیصلہ کن معرکہ آج لاس ویگاس میں ہوگا۔ ’’دنیا کی مزاحیہ ترین شخصیت ‘‘ کا خطاب جیتنے والے شخص کو 10ہزار امریکی ڈالر بطور انعامی رقم دی جائے گی۔ فائنل میں پہنچنے والے دیگر امیدواروں کا تعلق فن لینڈ‘ فرانس‘ اسپین اور متحدہ عرب امارات سے ہے۔