اتوار, 24 نومبر 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) حکومت نے آئندہ تین سال کے دوران ملک کے ہر ضلع میں کم از کم ایک یونیورسٹی یا کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وفاقی حکومت رواں سال کے دوران ملک کے دور دراز علاقوں میں بیس جامعات اور کیمپس کی تعمیر کیلئے 2 ارب 38کروڑ61 لاکھ روپے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے خرچ کرے گی۔ یہ جامعات اور کیمپس فاٹا، لورالائی، سرگودھا، تربت، سندھ، اٹک، نارووال، وہاڑی، اسلام آباد، ملتان، لاڑکانہ، پشاور، مردان، بہاولپور، رحیم یار خان، بےنظیر آباد میں قائم کئے جائیں گے۔ سب سے زیادہ رقم ناروال میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سب کیمپس کی تعمیر کیلئے 40 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ ملتان میں خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے 20 کروڑ روپے، سرگودھا یونیورسٹی میں زرعی کالج کے قیام کیلئے 50 لاکھ روپے، تربت میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 35.5 کروڑ روپے، لورالائی میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 10 کروڑ روپے، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دیپالپور اوکاڑہ میں سب کیمپس کیلئے 4 کروڑ روپے، لاڑکانہ میں شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی کے قیام کیلئے 25 کروڑ روپے، بےنظیر آباد میں شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی کے قیام کیلئے 15 کروڑ روپے، کامسیٹس کے اٹک میں سب کیمپس کیلئے 10 کروڑ روپے،سرگودھا میں میڈیکل کالج یونیورسٹی کے قیام کیلئے 9کروڑ 36لاکھ روپے، وفاقی دارالحکومت میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے قیام کیلئے 7 کروڑ روپے، گلگت میں قراقرم یونیورسٹی کے قیام کیلئے 1 کروڑ 45 لاکھ روپے، پشاور میں فرنٹیئر خواتین یونیورسٹی کے قیام کیلئے 10 کروڑ 71 لاکھ روپے،کامسیٹس کے وہاڑی میں کیمپس کے قیام کے لیے 10 کروڑ روپے،کامسیٹس کے ایبٹ آباد کیمپس کے قیام کیلئے 50 لاکھ روپے، بہاﺅالدین یونیورسٹی کے شاہیوال کیمپس کے قیام کیلئے 8 کروڑ 68 لاکھ روپے، ایئریونیورسٹی کے ملتان کیمپس کے قیام کیلئے 8 کروڑ روپے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں زرعی کالج کے قیام کیلئے 8 کروڑ 83 لاکھ روپے اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے رحیم یار خان کیمپس کے قیام کیلئے 12 کروڑ 29 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) پی ٹی سی ایل ملازمین کو رضاکارانہ اسکیم کے تحت پرکشش پیکیج کی پیشکش کی جائے گی، اس سے قبل محکمے میں 2007 میں رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرائی گئی تھی جس سے ملازمین نے بھرپور استفادہ حاصل کیا تھا اور محکمے کے تقریبا 32 ہزار ملازمین نے VSS لیا تھا، دوسری مرتبہ 2012 میں یہ اسکیم متعارف کرائی تھی جس سے تقریبا 6500 ملازمین نے استفادہ حاصل کیا تھا، اس وقت محکمے میں ملازمین کی تعداد تقریبا 24 ہزار کے قریب ہے۔
جبکہ انتظامیہ ملازمین کے بہتر مستقبل کا بھی خیال رکھنا چاہتی ہے اس مقصد کیلیے محکمے میں رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کسی ملازم پر جبر نہیں ہوگا کہ وہ اس اسکیم کو لازمی لے، پی ٹی سی ایل کے ذرائع کے مطابق VSS کے حوالے سے ملازمین کو معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ملازمین ہاٹ لائن پر VSS کے پیکیج کے حوالے سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں، ذرائع کے مطابق VSS اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں متعارف کرادی جائے گی۔
 

ایمز ٹی وی (تجارت) : آئل اسٹاکس میں ریکوری، رزلٹ ریلی اور سیاسی افق پر فضا بہتر ہونے کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا تاہم بی اے ٹی آئی انڈیکس میں83.63 پوائنٹس کی کمی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے8 ارب78 کروڑ13 لاکھ57 ہزار423 روپے ڈوب گئے.
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر58 لاکھ45 ہزار821 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کی جبکہ غیرملکیوں نے40 لاکھ17 ہزار355 ڈالر، این بی ایف سیز4 لاکھ 30 ہزار 534 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں نے 13 لاکھ97 ہزار 931 ڈالرنکال لیے.

ایمز ٹی وی (لاہور) پنجاب حکومت نے محرم کے دوران صوبے کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع اور وزیر انسداد دہشت گردی شجاع خانزداہ نے بتایا کہ صوبے میں 18 حساس اضلاع میں مقامی طور پر ڈبل سواری اور موبائل فون پر پابندی لگانے کا فیصلہ آٹھ محرم کو کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ضرورت پڑی مقامی سطح پر انتظامیہ کی رپورٹ پر فوج اور رینجرز کے دستے بھی بھیجے جائیں گے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے آٹھ، نو اور دس محرم کو ڈبل سواری اور موبائل فون سروس پر پابندی لگنے کا امکان ہے۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)دبئی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔ پاکستان کے دوسری اننگز میں پہلی وکٹ اظہر علی کی گری جو 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ احمد شہزاد نے نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔جمعے کو کھیل کے آغاز پر آسٹریلیا کی جانب سے افتتاحی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور کرس راجرز نے 113 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور 128 تک پہنچا دیا۔اس موقع پر فاسٹ بولر راحت علی نے راجرز کو بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی-پاکستان کی جانب سے یاسر نے تین، ذوالفقار بابر اور راحت علی نے دو دو جبکہ محمد حفیظ اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی-پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر عمران خان اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف اور بیٹسمین مچل مارش کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے ہزارہ ٹائون کا دورہ کیا اورگزشتہ روزسانحہ ہزار گنجی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے ہزارہ ٹائون کے مرکزی امام بارگاہ میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کو تاہی نہیں برتی جائے گی اور انصاف کے تقاضے پورے کریں گے، ملزمان کے قریب پہنچ گئے ہیں تمام حقائق سامنے لائے جائینگے، عوام دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مخلوط حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ یہ جنگ ان کے بناء نہیں جیتی جاسکتی، وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تین اضلاع کے باقی تمام اضلاع میں حالات ٹھیک ہیں۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) 26 سالہ ریحانہ جباری کو سال2007 میں ایرانی انٹلیجنس کے سابق اہلکار مرتضیٰ عبدل علی سربندی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ریحانہ جباری کا موقف رہا تھا کہ انھوں نے جنسی استحصال کی کوشش کرنے پر اپنے دفاع میں قتل کیا۔مگر ایران کی اپیلوں کے باوجود قتل کے جرم میں ریحانہ جباری کو سزائے موت دے دی گئی-ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اگرچہ ریحانہ نے تسلیم کیا تھا کہ انھوں نے عبدل علی کی کمر پر وار کیا تھا تاہم ان کا موقف تھا کہ گھر میں کوئی موجود تھا جس نے عبدل کو قتل کیا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریحانہ کو عدالت میں اپنے دفاع کے لیے وکیل مہیا کیا گیا تھا۔تاہم سرکاری خبر رساں ادارے ایسنا نے سنیچر کو خبر دی کہ ریحانہ جباری کو پھانسی دے دی گئی کیونکہ ان کے رشتہ دار متاثرہ خاندان سے معافی حاصل نہیں کر سکے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہا ہےکہ شیخ رشید سیاسی یتیم ہے۔ ان کی تقریر کا جواب دیکر ان کا قد نہیں بڑھانا چاہتا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سندھ ایک ہے اور ہمیشہ ایک ہی رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔ حالات سے کو کنٹرول میں لانے کے لیے حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ خورشید شاہ نے حکومت خارجہ پالیسی بہتر بنانے اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط کر نے پر زور دیا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں پرویز رشید نے تحریک انصاف قائد پر تنقید کی وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اشتعال انگیز تقریروں سے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو ڈنڈوں کے ذریعے حالات سے نمٹنے کا درس دیتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اشتعال انگیز تقریروں سے نوجوان نسل کو گمراہ مت کریں۔ تحریک انصاف اگر برسر اقتدار آ گئی تو ملک کو عقوبت خانے میں بدل دے گی۔

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک)پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 15 سے زائد مشتبہ افراد کی گرفتاریاں کی گئیں-ان افراد کی گرفتاری شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے سرچ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔ان واقعات میں جمیعت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان پر خود کش حملے کے خلاف جمعے کو سوگ منانے کے علاوہ احتجاج بھی کیا گیا-اس احتجاج میں جے یو آئی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کمی اور بیشی کے ساتھ شدت پسندی کے واقعات جاری ہیں۔