ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)امریکہ کی ریاست واشنگٹن میں ایک طالب علم نے سکول کے کیفے ٹیریا میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور چار کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔طالب علم نے اپنے دو کزنز سمیت پانچ افراد پر فائرنگ کی جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ جس ہتھیار سے فائرنگ کی گئی ہے وہ قانونی طریقے سے خریدا گیا تھا۔امریکہ میں اس نوعیت کی فائرنگ کے واقعات متعدد بار پیش آ چکے ہیں اور اس کے بعد ملک میں بندوق رکھنے کے قانونی حق پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی (نیشنل ڈیسک) غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے سابق امیر غلام اعظم دوران قید دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے خالق حقیقی سے جاملے ، وہ کافی عرصے سے علیل اور ڈھاکا کے ایک سرکاری اسپتال میں زیرعلاج تھے، گزشتہ رات ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے اور 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے ایک ٹریبونل نے غلام اعظم کو 1971 کی جنگ کے دوران نسل کشی اور دیگر جرائم کا مرتکب قرار دے کر 90 برس کی سزا سنائی تھی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد): چیف آف ایئر اسٹاف اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار عامر اطلس کومصر کے عمرعبد المغید نے ٹائٹل کے حصول سے محروم کردیا جوکہ جمعرات کو اسلام آباد میں اسکواش کمپلیکس کھیلا گیا ۔
مصری حریف عمرعبد المغید نے فائنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری تینوں گیمز جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
16اکتوبر سے شروع ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ میں 7غیر ملکیوں سمیت 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی،اس موقع پر فاتح کھلاڑی عمر عبدالمغید نے کہا کہ عامر اطلس خان تجربہ کار اورخطرناک کھلاڑی ہیں، فائنل سے قبل ہی حکمت عملی تیار کرلی تھی کہ میزبان اسٹار کو کیسے ہرانا ہے۔
پاکستان میں7 سالہ تعطل کے بعد منعقد ہونے والا25 ہزار ڈالر انعامی رقم کا حامل پی ایس اے ایونٹ جمعرات کے روز اختتام کو پہنچا، فائنل میں عامر اطلس خان کو ٹاپ سیڈ مصری حریف عمر عبدالمغید کا چیلنج درپیش تھا، ہوم کراؤڈ کی سپورٹ میں پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی دونوں گیمز باآسانی11-6 اور11-6 سے جیت کر برتری حاصل کی۔
بعد ازاں مصری پلیئر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تیسرا گیم11-4 سے اپنے نام کرلیا، چوتھے گیم میں بھی ٹاپ سیڈ مکمل طور پر چھائے رہے اور عامر کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا،11-5 کی فتح کے بعد مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا، آخری اور فیصلہ کن گیم میں دونوں پلیئرز کے مابین گھمسان کا رن پڑا،کبھی عامر تو کبھی عمر عبدالمغید آگے چلے جاتے لیکن آخری لمحات میں قسمت ٹاپ سیڈ پلیئر پر مہربان رہی، انھوں نے11 کے مقابلے میں13پوائنٹس سے فتح حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل طاہر رفیق بٹ نے انعامات تقسیم کیے
ایمز ٹی وی (گجرات) زرائع کے مطابق لاہور، کراچی، ملتان، میانوالی اور سرگودھا میں کامیاب جلسوں کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج گجرات میں پاور شو کا مظاہرہ کیا جائے گا جہاں ظہور الہیٰ اسٹیڈیم میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،جلسہ گاہ کے راستوں پر خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جب کہ ، ظہور الہیٰ اسٹیڈیم کے باہر ریسیکو اہلکار بھی موجود ہوں گے اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی سیکورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شرکا کے اسٹیڈیم میں داخلے کے لئے 4 اور باہر نکلنے کے لئے 8 واک تھرو گیٹ رکھے گئے ہیں جن پرانسپیکٹر لیول کے افسران تعینات ہوں گے جبکہ جلسے کی سیکیورٹی کے لئے 2500 سے زائد اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔۔ تحریک انصاف کے منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں 30 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور آج ہونے والا جلسہ گجرات کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ایک اخباری رپورٹ کے مطابق طاہرالقادری نے فروری 2013ءکی طرح اس بار بھی حکومت سے ڈیل کرکے ہی دھرنا ختم کیا ہے، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ طاہرالقادری سے ڈیل کے لئے گورنر پنجاب چودھری سرور نے اہم کردار ادا کیا جبکہ حمزہ شہباز نے حکومت کی جانب سے ضمانت فراہم کی۔ ڈیل کے تحت طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف پی ٹی وی سمیت دیگر تنصیبت پر حملوں کے مقدمات ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ماڈل ٹاﺅن میں جاں بحق ہونے والوں کو خون بہا دینے کے علاوہ طاہرالقادری کو علیحدہ سے 70 کروڑ روپے دینے کا بھی یقین دلایا گیا ہے۔ جبکہ گورنر پنجاب چودھری سرور نے اس بات کی ضمانت دی ہے کہ طاہرالقادری ماڈل ٹاﺅن سانحے کے حوالے سے قائم مقدمات واپس لے لیں گے اور جلد بیرون ملک روانہ ہوجائیں گے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق طاہرالقادری جلد ہی اس بات کا اعلان کردیں گے کہ وہ خون بہالےکر ماڈل ٹاﺅن کے مقتولین کا مقدمہ واپس لیتے ہیں جس کے بعد حکومت خیر سگالی کے طور پر ان پر سے پی ٹی وی اور دیگر حساس تنصیبات پر حملے کے مقدمات واپس لے لے گی۔
ایمز ٹی وی (نیشنل ڈیسک) وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعے کو پولیو کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر ملک سے اس مرض کے جلد خاتمے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مقصد کے لیے ملک میں پولیو ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں جمعے کو انسدادِ پولیو کےعالمی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے جامع آگاہی حکمتِ عملی مرتب کرلی گئی ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جلد ہی پاکستان پولیو سے آزاد ملک بن جائےگا۔ نواز شریف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلیے حکومتی کوششوں کے حصہ بنیں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں ، پولیو کے قطرے پینا ہر بچے کا حق اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے ضروری ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان دنیا میں پولیو سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور رواں برس یہاں پولیو کے 200 سے زیادہ نئے مریض سامنے آ چکے ہیں جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پاکستان میں پولیو کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ والدین کی جانب سے قطرے پلوانے سے انکار اور پولیو کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے عملے پر بڑھتے ہوئے حملوں کو قرار دیا جاتا ہے۔ دسمبر 2012 سے اب تک پولیو مہم میں شریک ہیلتھ ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں 60 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔