بیروت: اسرائیل کے میڈیا نے بیروت پرحملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی بیٹی زینب نصراللہ سمیت حزب اللہ کے3رہنما شہید ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے داہیہ میں اسرائیل کے رہائشی عمارتوں پر حملے میں حسن نصر اللّٰہ کی بیٹی زینب نصر اللّٰہ سمیت حزب اللّٰہ کے میزائل یونٹ کے سربراہ محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل شہید ہوگئے ہیں۔ حزب اللہ یا لبنانی حکام نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے بیروت کی رہائشی عمارتوں کے تہہ خانوں میں اسلحہ ہونے کے دعوے کی تردید کی ہے۔
بیروت پر گزشتہ روز اسرائیل کے حملے میں 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 6 عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حزب اللہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نصراللہ محفوظ ہیں۔
حزب اللّٰہ کی جانب سے اسرائیل پر 65 راکٹ فائر کیے گئے جس سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔ اسرائیل کے شہر تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے مشرق وسطٰی میں موجود امریکی فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے جاری بیان میں مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں پینٹاگون کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی فورسز کی پوزیشنز کا جائزہ لیا جائے اور انہیں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ اورتیار رکھا جائے۔امریکی فوج اور امریکی مقاصد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
صدر بائیڈن نے خطے میں امریکی سفارت خانوں کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ جتنا اور جیسا مناسب سمجھیں حفاظتی اقدامات کریں ۔ امریکی صدر کو ریاست ڈیلاویئر میں بیچ ہاؤس پر قومی سلامتی کی ٹیم نے مشرق وسطٰی کی صورتحال پرمتعدد بار بریفنگ دی۔ اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا کو اسرائیل کی کارروائی کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس کارروائی میں شریک تھا۔ تمام صورتحال کے بارے میں معلومات لی جارہی ہیں۔
چیمپئنز ون ڈے کپ میں مارخورز اور لائنز کے درمیان دوسرا ایلیمنیٹر بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔
فیصل آباد میں جاری چیمپئنز ون ڈے کپ میں گزشتہ روزٹورنامنٹ کے ایلیمنیٹر 2 میں مارخورز اور لائنزکے درمیان میچ شیڈول تھا۔
تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس تک نہ ہوا اور میچ منسوخ کردیا گیا۔
میچ منسوخی کے بعد لیگ میچوں میں پوائنٹس ٹیبل پربہتر پوزیشن کے سبب مارخورز کی ٹیم چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔اس سے قبل پینتھرز کی ٹیم بھی چیمپئنز کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔
پینتھرز اور مارخورز کی ٹیموں کے درمیان چیمپئنز ون ڈے کپ کا فائنل اتوار کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اسلام آباد: ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران 5 مختلف کارروائیوں میں تعلیمی اداروں کے اطراف سے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
مختلف کارروائیوں کے دوران 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تقریباً 15 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
فراش ٹاؤن اسلام آباد کے قریب ملزم سے 150 گرام چرس اور 10 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ اسی طرح لاہور میں ڈیفنس روڈ پر واقع یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 200 گرام چرس اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی۔
کنال روڈ لاہور پر واقع کالج کے قریب ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس، 100 گرام آئس اور 50 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ لطیف آباد حیدرآباد میں 2 ملزمان سے 96 بوتل شراب اور 2 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح ٹنڈوجام حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب چھاپا مار کارروائی میں ملزم سے 10 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے، طلباء اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
عمار نعیم، شاہ زیب وزیر اور صبا ایمان سمیت 6 طالب علموں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میڈیکل ایڈمشن ٹیسٹ دوبارہ لینے کے احکامات جاری کیے جائیں اور متبادل ریلیف کے طور پر آؤٹ آف سلیبس سوالات پر گریس مارکس دینے کے احکامات دیے جائیں۔
درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکریٹری وزارت صحت اور صدر پی ایم ڈی سی کو فریق بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی اور چیئرمین نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل بورڈ بھی فریقین میں شامل کیا گیا ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ اسلام آباد میں 22 ستمبر کو ایم ڈی کیٹ کا میڈیکل ایڈمشن ٹیسٹ ہوا، ٹیسٹ میں 200 میں سے 26-27 ایم سی کیوز آؤٹ آف سلیبس تھے، آؤٹ آف سلیبس سوالات دیکھ کر اسٹوڈنٹس کو ایک جھٹکا لگا اور وہ شاک میں آ گئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ٹیسٹ کے بعد سوالات کا صفحہ بھی ایگزامنر نے واپس لے لیا جو اسٹوڈنٹس کے پاس رہنا چاہیے، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بے قاعدگیوں کے باعث اسٹوڈنٹس اور ان کے والدین نے پُرامن احتجاج کیا، فریقین ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں شفافیت برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 22 ستمبر کو ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ کالعدم قرار دیا جائے۔
امریکی ریاست ورجینیا میں شروع ہونے والی شارلٹس ول اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2024 میں پاکستان نے پہلے راؤنڈ میں کامیابی کے ساتھ شاندار آغاز کیا۔
پاکستانی کھلاڑی عشب عرفان نے گوئٹے مالا کے ایلیجاندرو اینرکس کو 3 ۔ 0 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی، عشب کی جیت کا اسکور 11-6، 12-10، اور 11-4 رہا ۔
جس کے ساتھ انہوں نے ٹاپ ٹیئر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ بھی جیتا۔دوسری جانب پاکستانی پلیئر عاصم خان نے برازیل کے ڈیاگو گوبی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3۔ 2 سے شکست دی، ابتدائی 2 گیمز میں 0-2 کے خسارے میں جانے کے باوجود، عاصم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے باقی 3 گیمز جیت کر میچ اپنے نام کیا اور ان کی کامیابی کا اسکور 5-11، 9-11، 11-8، 11-8، اور 11-8 رہا۔
دوسرے راؤنڈ میں عاصم خان کا مقابلہ مصر کے ورلڈ نمبر 45 یحییٰ النواسانی سے ہوگا، جب کہ عشب عرفان مصر کے ابراہیم الکابانی کا سامنا کریں گے۔
شارلٹس ول اوپن کی مجموعی انعامی رقم 28 ہزار 750 ڈالرز ہے جب کہ ایونٹ میں دنیا کے ٹاپ لیول کے پلیئرز شریک ہوئے
کراچی: ورچوئل یونیورسٹی نے خزاں 2024 کے داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی۔
کمپیوٹر سائنس، بزنس ایڈمنسٹریشن، سائیکالوجی، ریاضی، ماس کمیونیکیشن اور بائیو سائنسز جیسے متعدد شعبوں میں داخلوں کی پیشکش کی گئی ہے۔
یونیورسٹی مستحق طلبا کو 80ملین روپے سے زائد کے وظائف کی پیشکش بھی کر رہی ہے۔ آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
داخلوں کے بارے میں مزید معلومات اور آن لائن داخلے کیلئے طلبا ورچوئل یونیورسٹی کی ویب سائٹ وزٹ کر سکتے یا 1288پر مفت کال کر سکتے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کاطیارہ 46 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں پروان بھرتا رہا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کا طیارہ پونے6 بجے افغانستان سے چترال کے اوپر پاکستانی حدود میں داخل ہوا اور شام ساڑھے 6 بجے تک پاکستانی فضائی حدود میں اڑتے ہوئے لاہور کے قریب سے بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی امریکا سے بھارت واپسی پر پاکستانی فضائی حدود سے گزر رہے تھے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی امریکا کا 3 روزہ دورہ مکمل کرکے بھارت واپس پہنچے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دورہ امریکا میں مودی نے امریکی صدر بائیڈن کی سربراہی میں کواڈ لیڈر سمٹ میں شرکت کی۔مودی نے اقوام متحدہ کے فیوچر سمٹ میں خطاب کیا اور کئی سربراہان مملکت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب جو مرضی کرلیں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہوں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ دو سال سے پنجاب کی جامعات میں مستقل وائس چانسلر نہیں تھے، گورنر نے 14 دن میں سمری پر دستخط کرکے بھیجنا تھا جس کا انتظار کیا اور اس کے بعد وقت پورا ہوتے ہی وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
7یونیورسٹیزکےلئےوائس چانسلرزکی حتمی منظوری
وزیر تعلیم نے کہا کہ گورنر پنجاب جو مرضی کرلیں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہوں گے، جوپیسے دے کر وائس چانسلر لگنا چاہتا تھا ہم نے یہ ہونے نہیں دیا، گورنرکو اعتراض ہے تو ایچ ای سی قوانین میں تبدیلی لائیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ ایسے قوانین کی ضرورت ہے کہ بیرون ممالک سے بھی لوگ وائس چانسلرز کے لیے اپلائی کر سکیں، سندھ میں وزیراعلیٰ یونیورسٹیوں کا وائس چانسلر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گورنرکے پاس وائس چانسلرلگانےکا اختیار نہیں، آئین کے مطابق یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی ہو رہی ہے اور پہلے مرحلے میں 7 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔
جامعات میں وائس چانسلرز کی عدم تعیناتی کی وجہ سے شدید انتظامی اور مالی بحران
واضح رہے کہ پنجاب کی 13 یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تقرری کے معاملے پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان اختلاف سامنے آیا تھا اور ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب نے وی سیز کی تقرری کی سفارشات مسترد کرکے واپس بھیج دیں تھیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ کی منظوری سے 13 میں سے 7 وی سیز کی تقرریاں کردی گئی تھیں اور ان 7 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا تقرر گورنر کی منظوری کے بغیر کیا گیا تھا۔
لاہور: پنجاب کے بیشتراضلاع میں کل سے بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک پنجاب کے بیشتراضلاع میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ 27 ستمبر سے ساہیوال ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈی سیز و انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ ریسکیو ادارے کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ شہریوں کو بارش کی صورت میں بجلی کے کھمبوں اورلٹکتے ہوئے تاروں سے دور رہنے سمیت دیگراحتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔