لاہور: پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج دن اور رات کا دورانیہ ایک جیسا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق رات اور دن کا دورانیہ سال میں دو بار بائیس مارچ اور بائیس ستمبر کو برابرہوتا ہے۔
سورج سال میں دو مرتبہ خط استواسے گزرتا ہے۔ پہلی مرتبہ 22 مارچ کو جنوبی کرہ میں واقع خط جدی سے شمالی کرہ میں واقع خط سرطان کی جانب سفر کے دوران اس روز دن اور رات تقریباً برابر ہوتے ہیں۔اسی طرح 22 ستمبر کے روز بھی سورج عین خط استواء پر ہوتا ہے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دبئی مواصلات اور روڈ اتھارٹی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے فضائی ٹیکسی اسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی ٹیکسی اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کردیا جائے گا۔
امارات الیوم کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس سے متعلق کمپنی ’جوبی‘ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ’فضائی ٹیکسی سروس سے نئے دور کا آغاز ہو گا جو تحفظ ماحولیات کے حوالے سے بھی بہتر ہو گی‘۔
دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس کے حوالے سے مزید اسٹیشنز کی تعمیر کے مقامات کا بھی عنقریب آغاز کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا فضائی ٹیکسی سروس کو بڑے ہوٹلوں، ایئرپورٹس اور سیاحتی مقامات کے روٹس پر استعمال کیا جائے گا، جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں چار فضائی ٹیکسی اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔
فضائی ٹیکسی کے 6 پنکھے ہوں گے جبکہ چار بیٹریاں اس میں فٹ ہوں گی جو 161 کلو میٹر تک کی مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ فضائی ٹیکسی سروس کے منصوبے سے منسلک کمپنی کی تیار کردہ ائیر ٹیکسی چار سیٹوں والی اور رفتار 320 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو گی۔
ائیرٹیکسی کا ٹیک آف اور لینڈنگ عمودی ہوگا جس کے لیے روایتی رن ویز کی ضرورت نہیں ہوگی جو عام مقامات پر بھی لینڈ کرسکتی ہیں۔
ائیرٹیکسی کے ذریعے جمیرا بیچ سے ایئرپورٹ تک 10 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں جو عام طورپر زمینی ٹیکسی سے 45 منٹ کی مسافت ہے۔
پشاور: سانحہ اے پی ایس میں زندہ بچ جانے والے احمد نواز کو کنگ چارلس کی طرف سے برٹش امپائر میڈل سے نواز دیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد نواز نے بتایا کہ مجھے کنگ چارلس کی جانب سے برٹش امپائر میڈل دیا گیا ہے، یہ میڈل اے پی ایس شہدا کے خاندان، سروائیورز اور ہم وطنوں کے لیے باعث فخر ہے۔
احمد نواز نے کہا کہ یہ ایوارڈ پچھلے 5 سالوں میں دنیا بھر میں نوجوانوں کے لیے کیمپینز چلانے کے نتیجے میں ملا، یہ ایوارڈ ان دہشتگردوں کی شکست کا بیان ہے جنہوں نے اے پی ایس واقعہ میں تعلیم پر حملہ کیا۔
احمد نواز کے والد محمد نواز نے کہا کہ میری ترجیح یہی رہی کہ اگر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو اپنے بچوں پر کریں، میں نے اپنے بچوں پہ سرمایہ کاری کی جو احمد نواز کی شکل میں آج میرے اور قوم کے لیے باعث عزت ہے۔محمد نواز نے مزید کہا تمام والدین کو پیغام ہے کہ وہ کاروبار بڑھانے کی بجائے اپنے بچوں پر سرمایہ کاری کریں، آپ کے بچے کل کو معاشرے میں تبدیلی لائیں گے۔
جامعہ کراچی نےسی ایس ایس امتحانات کی تیاری کے کورس میں داخلے کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس گائیڈنس کونسلینگ اینڈ پلیسمنٹ بیورو جامعہ کراچی ڈاکٹر غزل خواجہ ہمایوں کے مطابق سی ایس ایس امتحانات کی تیاری کے کورس میں داخلے کے لئے فارم حاصل اورجمع کرانے کی تاریخ میں 27ستمبر2024ء تک توسیع کی گئی ہے۔
داخلے کے خواہشمند افرادرجسٹریشن فارم 200 روپے کے عوض ایڈمنسٹریشن بلاک میں واقع اسٹوڈنٹس گائیڈنس کونسلینگ اینڈ پلیسمنٹ بیورو کے آفس سے صبح 9:30 تاشام4:00 بجے تک حاصل اور جمع کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ کورس میں داخلے کی اہلیت کم ازکم سیکنڈ ڈویژن کے ساتھ گریجوکیشن ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وفد نے چیمپئنز ٹرافی کےانتظامات کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
آئی سی سی کا 5 رکنی وفد 4 روزہ دورہ پاکستان پر آیا ہوا ہے جس نے نیشنل اسٹیڈیم سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔
آئی سی سی کے وفد میں سکیورٹی مینیجر ڈیوڈ مسکر، ایونٹ مینیجر سارا ایڈگر، جی ایم کرکٹ وسیم خان، ایونٹ مینیجر عون زیدی اور براڈ کاسٹر کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔
وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، تعمیراتی کام کی تصاویر اور ویڈیو بھی بنائیں۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ اور سینئر جنرل مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان نے وفد کو تعمیراتی کام پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
اس کے علاوہ 5 رکنی وفد راولپنڈی اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا اور 21 ستمبر کو دبئی روانہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ اپریل میں بھی آئی سی سی کے 3 رکنی وفد نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا تھا جب کہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے۔
کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد آج معمولی کمی سامنے آئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 300 روپے کی کمی ہوئی۔
جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 67 ہزار 700 روپے کا ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ 257 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 29 ہزار 510 روپے ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 18 ڈالر کم ہوکر 2569 ڈالر فی اونس ہے۔
آئی سی سی نے پلیئرز کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ پاکستان کے بابراعظم پانچویں اور محمد رضوان چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
آسٹریلیا کے جوش انگلس کی رینکنگ میں 13 درجے ترقی ہوئی ہے جس کے بعد وہ 10 ویں نمبر پر آگئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرزکی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ بولرز میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کے لیام لیونگسٹن 7 درجے ترقی سےنمبر ون ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر بن گئے۔
آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبرپرچلے گئے۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ایل ایل بی کا پرچہ لیک کرنے کے الزام میں 3 ملازمین کو معطل کردیا۔
پرچوں کی سیکریسی کا سسٹم بائی پاس کرنے پر 3 ملازمین انتظامیہ کے ریڈار پر آئے۔
حساس اداروں کے افسروں کی مدد سے بمعہ ثبوت پرچہ لیک کرنے والے ملازمین تک پہنچے، معطل شدہ ملازمین کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی کا پانچویں بار ٹائٹل جیتنے والی بھارتی ٹیم کیلئے انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے پر ہر کھلاڑی کیلئے 3 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ سپورٹ اسٹاف کے ہر ممبر کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
انڈین ہاکی ٹیم نے اولمپکس 2024 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
قبل ازیں پیرس اولمپکس میں کانسی کا میڈل جیتنے پر وزارت کھیل نے معاون عملے کے ارکان کیساتھ 7.5 لاکھ بھارتی روپے دیے تھے۔
بھارت نے 5 بار ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جس میں پہلا ٹائٹل سال 2011 میں جیتا تھا بعدازاں 2016، 2018 میں لگاتار دو بار کامیابی سمیٹی اور اب 2023، 2024 میں بھی لگاتار دوسری مرتبہ ٹورنامنٹ کا فاتح رہا۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے برانز میڈل اپنے نام کیا تھا جبکہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر محض 100 ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا۔
ممبئی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی بھارت میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان ہوگیا۔
‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے فلمسازوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر بھارتی فلمی شائقین کے لیے خوشخبری کا اعلان کیا۔
فلمسازوں نے انسٹاگرام پر ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فلم اگلے ماہ 2 اکتوبر کو بھارت کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت کے جن سینما گھروں میں ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ ریلیز ہوگی، اُن کی فہرست جلد شیئر کی جائے گی۔
اس اعلان کے بعد، بھارتی فلمی شائقین خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں اور بےصبری سے ریلیز کے دن کا انتظار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ سال 2022 میں پاکستان میں ریلیز ہوئی تھی اور غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی، یہ فلم 1979 کی ہٹ فلم ‘مولا جٹ’ کا ری میک ہے۔
فلم کے دو مرکزی کردار مولا جٹ اور نوری نت نے غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی جو اداکار سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی نے ادا کیے تھے۔