ھفتہ, 23 نومبر 2024

بھارتی شہر نوائیڈا میں ناقص سہولیات کی وجہ سے افغانستان اور نیوزی لینڈ کا واحد ٹیسٹ میچ تاخیر کا شکار ہے۔

افغانستان اور نیوزی لینڈ کا واحد ٹیسٹ میچ کل شروع ہونا تھا مگر پہلا روز آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ضائع ہوگیا تھا اور نوائیڈا میں سارا دن بارش نہ ہونے کے باوجود پہلے روز ٹاس تک نہ ہو سکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوائیڈا اسٹیڈیم میں نکاسی آب کا سسٹم ناقص ہے اور آؤٹ فیلڈ کور کرنے کی مناسب اور جدید سہولیات نہیں جس کے باعث اسٹیڈیم میں کھڑے پانی کو سارا دن خشک نہ کیا جا سکا۔

اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھی ٹاس تاخیر کا شکار ہے جس کے بعد افغانستان بورڈ آفیشل نے وینیوز پر سخت تنقید کی ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہاں بہت زیادہ گڑ بڑ ہے، دوبارہ اس بھارتی وینیو پر نہیں آئیں گے، کھلاڑی بھی یہاں کی سہولیات سے ناخوش ہیں، ٹیسٹ میچ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، یہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے۔

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پرسوں پاکستان کی سیاست میں سیاہ دن تھا۔ کل کا واقعہ ری ایکشن تھا۔

وزیردفاع اور ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرنے ہوئے کہا کہ جب آپ کہیں گے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں تو اس کا کیا ری ایکشن آئے گا۔ اس قسم کی باتیں کل کے ری ایکشن کا جواز فراہم کرتی ہیں۔ کل کا عمل پرسوں کا ری ایکشن تھا۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پرسوں پاکستان کے وجود اور فیڈریشن کو چیلنج کیا گیا۔ اس کے بعد آپ کیا توقع رکھتے ہیں۔ یہ جب بھی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں فوج سے بات کرنی ہے۔ یہ سیاسی ڈی این اے کا مسئلہ ہے۔ جب فوج نے آپ کو لانچ کیا ہو تو اپ بار بار ان کے پاس جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کا جلسہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جو فوج کو للکار رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے 15دن کا کہا تھا 2روز گزر گئے۔ ہمت تو آکر دکھائے ہم انتظار کررہے ہیں۔ ان لوگوں میں اتنی منافقت ہے۔

خواجہ آصف نےپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کو ظمیر فروش اور رنگ باز قراردیتے ہوئے کہا کہ داڑھی رکھی ہوئی ہے درود شریف پڑھتا ہے اور منافقت کرتا ہے۔ اول و آخر درود شریف اور بیچ میں منافقت۔ علی محمد خان نے خواجہ آصف کے بیان پر شدید احتجاج کیا۔

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی میں 12 ربیع الاوّل کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی آف ہیومن ریسورسز نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ وفاقی حکومت نے 12 ربیع الاول کی تعطیل کے لیے سرکلر جاری کردیا گیا۔

انسانی وسائل اور امارات کی وزارت نے اعلان کیا کہ اتوار 15 ستمبر 2024 کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کی مناسبت سے سرکاری اداروں سمیت نجی شعبے کے ملازمین کے لیے بھی عام تعطیل ہوگی۔

یہ فیصلہ 2024 کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے لیے سرکاری تعطیلات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی کابینہ کی قرارداد کے مطابق ہے۔

وزارت کے بیان میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور کو مبارک باد دی گئی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اگلی عام تعطیل 2 اور 3 دسمبر کو قومی دن کے سلسلے میں ہوگی۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان نے ارکان کی گرفتاریوں کو پارلیمان پر حملہ قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ بڑی مشکل سے پارلیمنٹ پہنچا ، رات کو بہت کچھ ہوا، کیا پارلیمنٹ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، جمہوریت اور سیاست میں گرفتاریاں ہوتی رہتی ہیں لیکن سیاستدانوں نے پہلے بھی اسی پارلیمنٹ میں پناہ لی تھی، کل کا دن جمہوریت کے لیے سیاہ دن تھا، نقاب پوش کون تھے جو ایوان میں آکر اراکین پارلیمنٹ کو اٹھا کر لے گئے، رات کے اندھیرے میں پارلیمنٹ کی لائٹیں بند کی گئیں، تحقیقات کریں وہ نقاب پوش کون تھے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رات تین بجے نقاب پوش پارلیمنٹ کے کمروں میں بیٹھے ہوئے تھے، گراؤنڈ فلور سے چوتھے فلور تک ایک ایک کمرہ چیک کیا گیا ، یہ پارلیمنٹ کا سیاہ ترین دن تھا، سارجنٹ ایٹ آمرز کو کہیں مجھے گرفتار کرلیں، مگر جو تذلیل کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے۔

جنوبی آسٹریلیا میں 14 سال سے کم عمربچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روکنےکا قانون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق قانون کے تحت 14 سال کے بچوں کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے کے لیے والدین کی رضامندی درکار ہوگی۔

نئے قانون کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں اپنے پلیٹ فارمز پر 14 سال سے کم عمر بچوں کو استعمال نا کرنے دینے کی پابند ہوں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ان پر جرمانہ ہوگا۔

جنوبی آسٹریلیا کی حکومت نے ہائیکورٹ کے ایک سابق جج کی تیار کردہ 276 صفحوں پر مشتمل رپورٹ جاری کی جس میں بتایا گیا ہے کیسے فیس بک، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس کو بچوں کو اپنے پلیٹ فارمز کے استعمال سے باز رکھنے کی ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔

جنوبی آسٹریلیا کے حکومتی سربراہ پیٹر مالیناوسکاس (Peter Malinauskas)کا کہنا ہے کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روکنے کا یہ فیصلہ بچوں پر سوشل میڈیا کے بڑھتے منفی اثرات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

پیٹر مالیناوسکاس نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر14 اور 15 سال کے بچوں کو اکاؤنٹ بنانے کے لیے والدین کی رضا مندی کو لازمی قرار دینے کو قانون میں شامل کریں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں والدین اور سوشل میڈیا سائٹ دونوں پر جرمانہ ہوگا۔

عالمی یوم خواندگی پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ خواندگی نہ صرف ایک بنیادی انسانی حق ہے بلکہ معاشی و سماجی ترقی کا ایک طاقتور ذریعہ بھی ہے۔۔

وزارت تعلیم ملک کے ہر فرد کو معیاری تعلیم تک رسائی اور خواندگی کی مہارتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

اپنے پیغام میں وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم آج خواندگی کا عالمی دن منا رہے ہیں، ہر پاکستانی سے استدعا کرتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک کے ہر فرد کو معیاری تعلیم تک رسائی اور خواندگی کی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کےمکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کابھی آغاز کر دیا۔

وزیرِ اعظم نے ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کردیا جس میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی،آج سے 15 ستمبر تک اس خصوصی مہم کے تحت 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے ۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پرامید ہوں وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر پولیو کے ملک سے مکمل خاتمے میں کامیاب ہو جائے گی،انسداد پولیو کیلئے کوششیں کرنیوالے تمام سٹیک ہولڈرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،والدین سے گزارش ہے کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو تمام عمر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے بھی پلائے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی۔

خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کیلئے کوشاں ہیں۔تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، اس مقصدکیلئے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے ، اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دیناشروع کیا ہے ۔اسکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کیلئے وظائف اور دیگر مراعات متعارف کرائی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی ، اس بات کا مقصد اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے ضروری مہارتوں سے لیس ہوں۔

نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں حکومت کی ان کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں ۔ موثر شراکت داری قائم کر کے ، ہم تعلیم کو روزگار اور خود روزگار کے مواقع سے جوڑ سکتے ہیں، جس سے ایک زیادہ مضبوط اور جامع افرادی قوت پیدا ہو سکتی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئیے سب کیلئے خواندگی اور تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بحیثیت قوم مل کر کام کریں اور اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔

اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسلام آباد میں پاور شو کامظاہرہ کرنےکابعد اگلا جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان کر دیا ۔

اسلام آباد کے مضافات میں سنگجانی کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جلسہ کی اجازت ملے یا نہ ملے لاہور میں جلسہ ہوگا۔حکومت کے پاس دو ہفتے ہیں قانون کے مطابق اگر عمران خان کورہا نہ کیا تو پھر ہم انہیں اڈیالہ سے لے جائیں گے ۔ خدا کی قسم ہم بانی پی ٹی آئی کو خود رہا کرائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے تم میں نفرت تھی، مجھ پر تشدد کرکے جو بیان لینا چاہتے تھے وہ اگلے جلسے میں بتاؤں گا ،تم آئین کو نہیں مانتے تو ہم بھی آئین کو نہیں مانتے ، اب دما دم مست قلندر ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہماری پارٹی مرضی کی عدالتیں اور ججز کو قبول نہیں کرے گی،تحریک انصاف ججز سے متعلق قانون سازی کی مخالفت کرے گی۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف مزید کسی کیس کا بنانا ہمیں قبول نہیں، 8فروری کے انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے ملک سے محبت کی ہے ، اگر ملک سے محبت کرنا اور حق کی بات کہنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے

علی محمد نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہے ، کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ تحریک جو عمران خان نے پاکستان کو بچانے کے لیے بنائی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے ، علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے ان کا کہنا تھا کہ ‘فارم 45 کے لوگوں نے ہمیں طعنے دئیے کہ پنجاب میں جلسہ کر کے دکھائو، ہم پنجاب میں داخل ہوں گے اور کے پی کے کم از کم 50 ہزار لوگ میرے ساتھ ہونے چاہئیں

حماد اظہر نے کہا کہ ‘پنجابیو !میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے ۔‘یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں۔

لاہور: پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگلے تعلیمی سال سے نویں جماعت کی نصابی کتب اسلامیات، اردو ، انگریزی، فزکس،کیمسٹری، بیالوجی میں تبدیلی کی جائے گی۔

کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کی کتب بھی تبدیل ہونگی،تعلیمی سال2025-26کے لیے کتابوں میں تبدیلی کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ٹیکسٹ بک بورڈ نے نصابی کتب کی تبدیلی پر کام شروع کردیا ہے ۔

آئندہ تعلیمی سال کے لیے نئی کتابیں چھپیں گی جبکہ دہم کلاس کے طالبعلم بھی آئندہ سال نئے سلیبس کی مطالعہ پاکستان پڑھیں گے ۔

Page 41 of 3029