پاکستان روئنگ ٹیم نے تین روزہ انڈور روئنگ چیمپئن شپ مقابلے میں 14 میڈلز اپنے نام کرلئے۔
ملائیشیا میں کھیلی گئی ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ میں پاکستان روئنگ ٹیم نے پانچ گولڈ، پانچ سلور اور 4 برونز میڈل جیت لیے۔
اس چیمپئن شپ میں ایشیا کے 15 ممالک کے ایتھلیٹس نے شرکت کی تھی، پاکستان ٹیم میں 10 مرد اور چار خواتین ایتھلیٹ شامل تھیں۔
علم میں رہے کہ ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ 9 سے 11 اگست تک ملائیشیا کے شہر پینانگ میں کھیلی گئی۔
سکھر: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس سکھر کےتحت خزاں سمسٹر2024 کےلیے داخلےکاآغاز کردیا۔
اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کئمپس سکھر کے اعلامیہ کے مطابق مختلف پروگراموں کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اگست 2024 مقرر کی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق خزاں-2024 ء داخلہ پروگرام میں بی۔ایس (چار، اڑہائی اور دو سالہ)، ایم ایس، ایم فل، ایم بی ای/ ایم پی اے اور پی ایچ ڈی روگرامز میں داخلے جاری ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق میٹرک/ ایف اے (جنرل/ درس نظامی) آئی کام اور سرٹیفکیٹ کورسز (میٹرک/ ایف ای) میں بھی داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کے لیے بھی داخلے جاری ہیں اور ان کے لیے فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 ستمبر 2024ء مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق مزید معلومات کے حصول یا تمام پروگرامز میں داخلے کے لیے خواہشمند طلبہ و طالبات یونیورسٹی کی ویب سائٹ http://online.aiou.edu.pk پر جا کر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں یا ریجنل کیمپس سکھر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں
انسٹاگرام نے زیادہ تصاویر یا وڈیوز شیئرکرنے والے صارفین کو خوشخبری سنادی۔
اب آپ انسٹا صارفین 10 کی بجائے 20 تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کرسکتے ہیں۔انسٹاگرام کی جانب سے زیادہ تصاویر پوسٹ کرنے کا آپشن ٹک ٹاک کو مدنظر رکھ کر دیا گیا ہے۔
حالانکہ ٹک ٹاک کو ویڈیو شیئرنگ ایپ مانا جاتا ہے مگر اس میں ابھی صارفین ایک وقت میں 35 تصاویر پوسٹ کرسکتے ہیں۔
درحقیقت ٹک ٹاک میں حالیہ مہینوں میں تصاویر کو پوسٹ کرنے کا رجحان بڑھا ہے۔
انسٹاگرام کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اس نئی اپ ڈیٹ کا مقصد لوگوں کو اپنے جذبات کا اظہار کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے اور اس طرح وہ زیادہ اچھا مواد دوستوں سے شیئر کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک پوسٹ پر زیادہ سے زیادہ 10 تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کی جاسکتی تھیں۔
لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا ہسٹری میوزیم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے منسوب کردیا گیا۔
اس سلسلے میں وائس چانسلر ڈاکٹر شگفتہ نازکاکہنا تھاکہ مریم نواز ہماری یونیورسٹی کی ممتاز پرانی طالبہ ہیں۔لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ایلومینائی نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ، ہسٹری میوزیم لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات پر قائم کیا گیا۔
جس میں ممتاز ایلومینائی کا بائیو ڈیٹا اور ادارے سے متعلق نوادرات کو جمع کیا گیا ۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت پنجاب کے 7 ریجنز میں امتحانات کاانعقاد کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزپنجاب پبلک سروس کمیشن نے سات ریجنز میں 50 ہزار سے زائد امیدواروں کے امتحانات کا انعقاد کیا۔
کمیشن نے بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی اور لاہور میں 10 اور 11 اگست کو 12انتظامی محکموں کی 22 مختلف اقسام کی اسامیوں کے لئے امتحانات بغیر کسی رکاوٹ کے منعقد کئے ۔
اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کی ورکنگ کے مطابق پیٹرول ، ڈیزل اور مٹی کے تیل سستا ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر سے زائد کمی متوقع ہے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 8 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل میں 12 روپے سے زائد کمی کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کےمتعلق حتمی ورکنگ اوگرا 15 اگست کو بھیجے گی۔ وزیر خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔
اسلام آباد: پاکستان نے اولمپک مقابلوں میں اب تک محض 11 میڈلزجیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
لاس اینجلزاولمپکس 1984 میں پاکستان نے منظور جونیئر کی قیادت میں جرمنی کو شکست دے کر ہاکی میں تیسرا اولمپک میڈل جیتا تھا۔پاکستان کو انفرادی حیثیت میں پہلا برانز میڈل روم اولمپکس 1960 میں کشتی میں پہلوان محمد بشیر نے دلوایا جبکہ سیول اولمپکس 1988 میں باکسر حسین شاہ نے مڈل ویٹ کے درجے میں تیسری پوزیشن کے ساتھ پاکستان کے لیے دوسرا برانز میڈل جیتا۔
اس طرح ارشد ندیم انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی اولمپئین بنے، پیرس اولمپکس میں شریک 204 ممالک میں سے 82 ممالک کو میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
اس طرح مجموعی طورپر پاکستان کے پاس 11 میڈلز موجود ہیںجن میں 3 گولڈ ،3 سلور اور2 برانزمیڈلز قومی پاکی ٹیم نے جیتے۔
پیرس اولمپکس 2024 کا سفررنگا رنگ تقریب کےساتھ اختتام پذیر ہوگیا
پاکستان تمغوں کی دوڑ میں ڈومینیکا کے ساتھ مشترکہ طور پر 62 ویں نمبر پر رہا۔ پاکستان کو میڈل ٹیبل پر لانے کا سہرا اولمپین ارشد ندیم کے سر گیا، انہوں نے جیولن تھرو میں92.97 میٹرز کے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ پاکستان کو 40 برس کے بعد گولڈ میڈل دلوایا
اس دوڑ میں امریکا نے سب سے زیادہ میڈلز جیت کر میدان مار لیاامریکا 40 گولڈ، 44 سلور اور 42 برانز سمیت 126 میڈلز کے ساتھ مسلسل چوتھی مرتبہ اولمپکس میڈل ٹیبل پر نمبر ون رہا۔ چین 40 گولڈ، 27 چاندی اور 24 کانسی سمیت 91 تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان رہا۔
واضح رہے کہ فرانسیسی دارالحکومت میں اوکمپک گیمز میں 16 دنوں کے دوران 329 تمغوں کے مقابلے ہوئے۔
معروف ریکارڈ یافتہ پاکستانی کوہ پیما مراد سد پارہ بلند ترین چوٹی ’’براڈ پیک‘‘ سر کرنے کے بعد جاں بحق ہوگئے۔
انھیں پہاڑ سے گرنے والے پتھر سے شدید چوٹیں آئی تھیں جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئے۔کوہ پیما مراد سد پارہ کی لاش جاپانیز بیس کیمپ پہنچا دی گئی ہے۔
پاک آرمی کے تعاون سے جاری اس ریسکیو مشن میں 6 مقامی ریسکیو اہلکار اور کوہ پیما شامل رہے۔
آج صبح بذریعہ ہیلی کاپٹر مزید دو مقامی کوہ پیما اشرف سدپارہ اور ذاکر سدپارہ کو براڈ پیک ڈراپ کیا گیا ہے۔ اس ریسکیو مشن میں شامل کوہ پیماوں میں سے 4 کوہ پیماوں کا تعلق سدپارہ جبکہ 2 کوہ پیماوں کا تعلق شگر سے ہے۔
کوہ پیما مراد سد پارہ کی ڈیتھ باڈی کو شام تک ان کے آبائی گاوں سدپاری پہنچائی جائے گی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے سندھ کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے پالیسی اور طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
صدر کی ہدایت پر ان کے سکریٹری شکیل ملک کی جانب سے لکھے گئے خط میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کہا گیا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ یہ آسامیاں زیادہ تر صوبے کے سے تعلق رکھنے والے امیدواروں سے بھری گئی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کی خواہش ہے کہ نوجوان نسل کے فائدے کیلئے وائس چانسلرز کی بھرتی کے عمل کو مزید کھلا اور مسابقتی بنایا جائے۔ یہ عمل تمام پاکستان کی بنیاد پر بین الاقوامی معیارات اور ایکریڈیٹیشن کے مطابق ہونا چاہیے۔ مزید برآں، اعلیٰ درجے کے عالمی ٹیلنٹ کوراغب کرنے کیلئے، بین الاقوامی فیکلٹی کی مشغولیت کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔