ھفتہ, 23 نومبر 2024


نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس شروع

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے جس کے لیے دو امیدوار میدان میں ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے 16 ویں قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا جس کے لیے تین امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جن میں ق لیگ کے میر عبدالقدوس بزنجو جبکہ پشتونخوا میپ کے دو امیدوار عبدالرحیم زیارتوال اور سید لیاقت آغا شامل ہیں۔ تاہم انتخاب سے قبل رحیم زیارتوال اپنی پارٹی کے امیدوار سید لیاقت آغا کے حق میں دستبردار ہوگئے جس کے نتیجے میں اب دو امیدواروں میں وزارت اعلیٰ کے منصب کے لیے مقابلہ ہوگا۔
میر عبدالقدوس بزنجو کو اپوزیشن اتحاد کی حمایت حاصل ہے۔ اپوزیشن اتحاد میں جمعیت علمائے اسلام ، بلوچستان نیشنل پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) شامل ہیں۔
اس موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گیے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے، جب کہ اسمبلی جانے والے راستے بھی بند کردیے گئے ہیں۔ بدھ کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے فوراً بعد اسمبلی کے باہر خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں متعدد سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسی حوالے سے اسمبلی کے گرد سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment