دیامر: شاہراہ قراقرم پر تھانہ لوٹر کوہستان کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں 17افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک خاتون معجزانہ طور پر بچ گئی، مسافر کوچ گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ کوہستان میں لوٹر کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 17مسافر جاں بحق ہو گئے، بچ جانے والی خاتون کو کوئی چھوٹ نہیں آئی، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد پولیس اور مقامی افراد حادثے کی جگہ پہنچ گئے، پولیس ذرائع کے مطابق مسافر کوچ 200 سے 300فٹ گہری کھائی میں جا گری ہے ، پہاڑی علاقہ ہونے اور اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، حادثہ رات ساڑھے 8بجے کے قریب پیش آیا، جاں بحق ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق ضلع غذر سے بتایا جا رہا ہے جن میں معراج خان، علی احمد، افسر علی ، فریدہ اور دیگر شامل ہیں۔ حادثے میں ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گیا ہے جس کا تعلق چلاس سے بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 3سے 4لاشیں نکال لی گئی ہیں تاہم ایک عینی شاہد کے مطابق مسافر کوچ انتہائی گہری کھائی میں گری ہے جس کے باعث تمام لاشیں کھائی میں پڑی ہیں ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی لاشوں کی شناخت مکمل ہو سکے گی۔