ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے 7 جوان شہید ہوئے جب کہ بھارت ایل او سی سمیت ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس سے جانی نقصان بھی ہورہا ہے اور ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی حکومت ہے، بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی پر قابو پانے میں ناکام ہے اور کشمیریوں کی پوری نسل بھارت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، حالیہ بھارتی مظالم سے 100 سے زائد کشمیری شہید ہوئے لہذا عالمی برادری مسلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کنٹرول لائن پر بھمبرسیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے جب کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی بھارتی فوجی بھی مارے گئے جب کہ متعدد چیک پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔