ھفتہ, 23 نومبر 2024


پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، 5 ماہ میں 10 ہزار بے گناہ کشمیری گرفتارکیے گئے ہیں، غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل دے کرمقبوضہ کشمیرمیں آباد کیا جارہا ہے جو کہ غیر قانونی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں یو این ملٹری آبزرور گروپ کو رسائی نہ فراہم کر کے بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مختلف فورمز پر بارہا اٹھا چکا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی عالمی سطح پر اٹھا رہاہے۔

پاک افغان تعلقات کے حوالے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے کیا، دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور قربانیوں کو بھی سراہا گیا ہے، افغانستان میں امن و امان کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان میں قیام امن کی غرض سے پاکستان تمام تر کوششیں کر رہا ہے، پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا سقوط ڈھاکا سے متعلق بیان، کلبھوشن یادیو کی پاکستان سے گرفتاری ، بھارتی سفارت خانے میں سفارتی لبادے میں تعینات را اور آئی بی کے افسران اور بھارتی سلامتی مشیر اجیت دوول کا بیان پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے واضح ثبوت ہیں۔ نریندر مودی کے حالیہ بیان کے بعد یہ معاملہ دوبارہ عالمی برادری کے سامنے اٹھائیں گے۔

سعودی عرب کی جیلوں میں موجود پاکستانی شہریوں سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں 780 پاکستان مقید ہیں، جن میں 728 پاکستانی سعودی عرب کی مغربی جیلوں میں قید ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ ان کی امداد کررہا ہے اور انہیں لیبر کورٹ کی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔ پاکستانی قونصل خانوں میں روزانہ کی بنیاد پر 160 سے 170 پاکستانیوں کے کیس دیکھے جا رہے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment