ایمز ٹی وی( اسلام آباد) چیئرمین و ڈین شیخ زید ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سرجن فرید احمد خان نے کہا ہے کہ 2018سے پاکستان میں پہلی مرتبہ دو ماہ سے لیکر بڑی عمر کے بچوں کے جگر کی پیوندکاری کے آپریشن کی سہولت کی فراہمی شروع کر دی جائے گی ۔
اْنہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی کاوشوں سے چائینز فرینڈ شپ ہسپتال کے ساتھ یہ طے پایا ہے کہ اگلے برس کے شروع میں شیخ زید ہسپتال لاہور میں بچوں کے جگر کی پیوندکاری کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا ، یوں ایسے بچے جن کا پیدائشی طور پر جگر کام نہیں کرتا ہے ان کی پیوندکاری ہو سکے گی اور اْنہیں موت کے منہ میں جانے سے بچایا جا سکے گا۔
اْنہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال پاکستان میں پبلک سیکٹر کا پہلا ادارہ بن گیا ہے جس نے چار برسوں میں جگر کے 100اور گردوں کے 800پیوندکاری کے کامیاب آپریشن کئے ہیں ۔اْنہوں نے کہا کہ پاکستان میں 15لاکھ افراد کو جگر کی پیوندکاری کی ضرورت ہے ۔
یہ ہدف حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان میں اعضا ء عطیہ کرنے کی تحریک کو موثر بنایا جائے اور جو افراد یہ وصیت کریں کہ اْنکی وفات کی بعد اْنکے تمام اعضاء عطیہ کر دیئے جائیں انہیں حکومت وی وی آئی پی سہولیات فراہم کرے اور جس طرح ایران میں ایسی وصیت کرنے والوں کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے تمام تر اخراجات حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اسی طرح کا نظام پاکستان میں بھی شروع کیا جائے ۔