یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں خورشید احمد شا نے کہا کہ ہم کشمیر ڈے پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور عالمی رائے عامہ کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کراتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا حل نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جمہوریت پسند ممالک ہیں ،اس لئے اگر بھارت مسئلے کے حل میں سنجیدہ ہو تو وہ جمہوری روایات کے مطابق مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالے، لیکن بدقسمتی سے بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی قوتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ دیرینہ مسئلہ آج بھی حل طلب ھے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ حل ہو چکا ہوتا تو آج دونوں ملکوں کے عوام خوشحال اور بہتر زندگی گزار رہے ہوتے اور تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی دونوں ملکوں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی تاریخی اور بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گیں اور انشااللہ آزادی کا سورج آخر طلوع ہو کر ہی رہے گا