ایمزٹی وی(اسلام آباد ) وزیر اعظم نوازشریف کے وکیل مخدوم علی خان نے سپریم کورٹ میں چھٹیوں کی درخواست جمع کرا دی ۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں پاناما کیس کے حوالے سے وزیرا عظم کے خلاف دائر درخواستوں میں وکالت کرنے والے مخدوم علی خان نے چھٹیوں کیلئے درخواست جمع کرادی جس میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے 13فروری سے 24فروری تک عدالت میں حاضر نہیں ہو سکتا ۔
وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ وہ پاناما کیس میں اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں اور ان کی غیر موجودگی سے کیس متاثر نہیں ہو گا ۔
یاد رہے جسٹس عظمت سعید شیخ کی علالت کے باعث پاناما کیس کی سماعت پچھلے ہفتے سے ملتوی ہے اور اس ہفتے کے دوران بھی سماعت نہیں ہو گی ۔
پاناما کیس کے حوالے سے اب وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل چل رہے ہیں ۔