اتوار, 24 نومبر 2024


عمران خان کے بیان سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دل آزاری

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں ”محفوظ پاکستان“ کے موضوع پرنمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ مضبوط و پرامن پاکستان ہم سب کیلئے ناگزیر ہے ، محفوظ پاکستان کے لئے طلباءمیں شعور اور جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے ، ہمیں متحد ہوکر پاکستان کو محفوظ بنانا ہو گا ،ملکی سلامتی وزیراعظم نوازشریف کا وژن ہے جس کے تحت سکیورٹی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ،غیر ملکی کھلاڑیوں بارے گھٹیا الفاظ عمران خان کی سوچ کے عکاس ہیں، پی ایس ایل کا فائنل دہشت گردوں کو پرامن پاکستان کی جانب سے جواب تھا، عمران خان کے ایک جملے سے کسی ایک طبقے کی دل آزاری افسوسناک ہے
وزیر مملکت نے کہا کہ 2013ءسے پہلے ملک میں دہشت گردی کیخلاف باضابطہ نظام موجود نہیں تھا ، تاہم وزیراعظم نوازشریف کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت نے باقاعدہ سکیورٹی پالیسی دی اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات سالانہ 2200سے کم ہو کر 160پر آگئے ہیں جبکہ گزشتہ ساڑھے تین برس میں این ڈی ایم اے کا کردار بھی قابل تعریف رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مﺅثر بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے اور موجودہ حکومت خطے کا محفوظ اور مضبوط ملک بنانے کے لئے کوشاں ہے ، سیف سٹی پراجیکٹ سکیورٹی کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی واضح مثال ہے ۔وزیرمملکت نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق طلباءاور معاشرے میں شعور اجاگر کرنے سمیت ان کو تربیت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس حوالے سے صوبوں کے ساتھ ملکر کام کر نے کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، تاہم قوم کی تربیت اور ان میں شعور اجاگر کر نے میں میڈیا کو بھی اپنا کردار مﺅثر انداز میں ادا کرنا چاہیے جبکہ محفوظ پاکستان کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد بھی وقتاً فوقتا ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ محفوظ اور پرامن پاکستان ہم سب کی ضرورت اور خواہش ہے جس کے لئے نہ صرف حکومت بلکہ تمام طبقات بالخصوص کارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنا کردار ادار مﺅثر انداز میں ادا کرنا ہو گا ۔
دریں اثناءوزیر مملکت مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو گھٹیا الفاظ غیر ملکی کھلاڑیوں کے استعمال کئے ہیں ان سے پوری قوم کو اندازہ ہو گیا ہوگا کیونکہ آزادی اظہار رائے ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن عمران خان کے بیان سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دل آزاری ہوئی ہے ان کے ایک جملے سے کسی طبقے کی دل آزاری افسوس ناک ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جو لیڈر ایسی زبان استعمال کرتا ہے تو 2018ءکے الیکشن میں لوگوں کو فیصلہ کرلینا چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کو ووٹ دیے کر قومی و صوبائی اسمبلیوں میں لے کر آئیں گے جو کہ ملکی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ، اصل میں فائنل دہشت گردوں کو پرامن پاکستان کا جواب تھا ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment