ایمزٹی وی(اسلام آباد)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو اپنی کارروائیوں سے پاکستان میں خانہ جنگی کرانا چاہتا تھا اور اسے شواہد اوراعتراف جرم کے بعد قانون کے مطابق سزا سنائی گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران سرتاج عزیز نے کہا کہ کل بھوشن بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر اور’’را ‘‘ کا ایجنٹ ہے، وہ کارروائیوں سے پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا تھا اور اس کے لیے بلوچستان میں نوجوانوں کو ملک دشمن سرگرمیوں پر اکساتا تھا، اس نے جاسوس کی حیثیت سے پاکستان کی سلامتی کونقصان پہنچایا۔ وہ پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث رہا ہے۔ اس کی دہشت گرد کارروائیوں میں کئی پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
کل بھوشن تک قونصلر رسائی نہ دیئے جانے سے متعلق سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ کل بھوشن کے پاس دو پاسپورٹ تھے ایک ہندو نام سے اور ایک مسلم نام سے، 23 جنوری کو بھارت سے معلومات کا تبادلہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ بھارت نے بھی کئی پاکستانی قیدیوں کو قونصلر رسائی نہیں دی۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ کل بھوشن کو گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، عدالتی کارروائی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا، اس دوران کل بھوشن کو قانونی معاونت بھی دی گئی۔ اسے پاکستانی قوانین کے مطابق شواہد اوراعتراف جرم کے بعد سزاسنائی گئی ہے، قانون کے تحت اسے 60 دن کے اندر اپنی سزا کے خلاف اپیلٹ کورٹ میں اپیل کرنےکا حق حاصل ہے۔