ھفتہ, 23 نومبر 2024


سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق ہوگا، خواجہ آصف

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)وزیر دفاع کہتے ہیں تنازع کے حل کیلئے ترکی ایران سے رابطے میں ہیں، سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج بھیجنے کا فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق ہوگا۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کی واپسی کو جمہوریت اور پارلیمنٹ کی فتح قرار دے دیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر دفاع نے حکومتی پالیسی بیان پيش کردیا، خواجہ آصف کہتے ہیں سعودی عرب فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، پارلیمنٹ سے بالا کوئی فیصلہ نہیں ہوگا، عوامی امنگوں کا خیال رکھیں گے، سعودی عرب نے فضائی، بری اور بحری ضروریات سے آگاہ کیا، ترکی نے بھی یمن میں غیر ریاستی عناصر کی مخالفت کی، پاکستان اور ترکی نے سعودی عرب کے دفاع اور مسئلے کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا، خطے میں امن کیلئے مسلم امہ کا اتحاد ضروری ہے، پاکستان یمن میں غیر ریاستی عناصر کے کردار کی مذمت کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی ہمارے لئے اہم ہے، سعودی عرب کو خطرہ ہوا تو پاکستان اپنے بھائیوں کیساتھ کھڑا ہوگا، اس حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے، مقدس سرزمین کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو بھرپور دفاع کرینگے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یمن کی صورتحال خطے پر اثر انداز ہوگی، اثرات پاکستان تک بھی پہنچیں گے، پاکستانیوں کا محفوظ انخلاء یقینی بنایا جارہا ہے، وزیراعظم خود نگرانی کررہے ہیں، سعودی عرب نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے نو فلائی زون سے پرواز گزرنے کی اجازت دی۔وہ کہتے ہیں کہ پاکستان یمن میں امن کیلئے کسی بھی عمل کی حمایت کرے گا، وزیراعظم نواز شریف نے پُرامن حل کیلئے ترکی کا دورہ کیا، یمن کے مسئلے پر پاکستان اور ترکی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، آج سعودی عرب کے نائب ولی عہد ترکی کا دورہ کررہے ہیں جبکہ 8 اپریل کو ایران کے وزیر خارجہ پاکستان آئیں گے، سفارتی کوششوں کا مقصد یمن کی صورتحال کا پُرامن حل تلاش کرنا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت براہ راست دہشتگردی سے نبرد آزما ہے، قوم کے ایک لاکھ 72 ہزار بیٹے دفاع وطن کیلئے برسر پیکار ہیں، پاک فوج دہشتگردی کیخلاف اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کررہی ہے، پاکستان اپنے وسائل سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑرہا ہے، اس جنگ میں پاک وطن کو 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی کو ایوان اور جمہوریت کی فتح قرار دیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment