ایمزٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی کے جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ اس حوالے سےاپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ 2014 میں آرمی پبلک اسکول پشاور میں سانحہ ہوا کل ان بچوں کے والدین سے ملاقات ہوئی۔ ان کے جذبات کی میں قدر کرتا ہوں۔
معصوم بچوں کی شہادت کے بعد ساری قوم یکجا ہو گئی لیکن ان کے والدین کے ساتھ ہونے والا وعدہ ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ قابل افسوس بات ہے کہ جو واقعات ہوئے ہیں ان پر جوڈیشل کمیشن بیٹھ جاتا ہے یہ ہاؤس مطالبہ کرتا ہے کہ اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری بٹھائی جائے کہ دہشتگرد بچوں کو شہید کر کے کیا پیغام دینا چاہتے تھے
انہوں نے کہا کہ لاہور میں چڑیا گھر میں ایک ہتھنی مر گئی تو جوڈیشل کمیشن بن گیا لیکن 144 بچے شہید ہوئے تو کوئی کمیشن نہیں بنایا گیا۔بچوں کے والدین ہمیں ملے تو انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آپ ہماری آواز پہنچائیں میں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ میں ان کے لئے آواز بلند کروں۔ میں حکومت سے کہنا چاہتا ہوں کہ 144 بچوں کے والدین کی سسکیوں کو دیکھتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔