ایمز ٹی وی(اسلام آباد)ہائی کورٹ نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مشروط طور پر معطل کردیئے، آئندہ سماعت پر پیش نہ ہونے پر وارنٹ بحال ہوجائیں گے۔جسٹس نور الحق قریشی نے ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کیخلاف پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت کی، ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل کا نام چالان کے خانہ نمبر 2 میں ہے، اس خانے کے ملزم کو پیش ہونے کا حکم نہیں دیا جاسکتا، آئندہ سماعت پر پرویز مشرف پیش ہوجائیں گے۔
عدالت نے وکیل کی یقین دہانی پر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مشروط طور پر معطل کردیئے اور ملزم کو 27 اپریل کو ٹرائل کورٹ میں ہر صورت پیش ہونے کا حکمدیا، عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال ہوجائیں گے