جمشید دستی سائیکل پر پارلیمنٹ پہنچ گئے، کرپشن کیخلاف بل جمع
ایمز ٹی وی(اسلام آباد): رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کرپشن کیخلاف بل قومی اسمبلی میں جمع کرادیا، جمشید دستی سائیکل پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تھے۔
جمشید دستی کی قیادت میں 25 مارچ کو مظفر گڑھ سے شروع ہونیوالی سائیکل ریلی گزشتہ روز اسلام آباد پہنچی، جمشید دستی اور ساتھیوں نے رات پریس کلب کے باہر خیموں میں گزاری، بدھ کی صبح جمشید دستی سائیکل پر پارلیمنٹ ہاؤس کیلئے روانہ ہوئے تو موٹر سائیکل پر سوار 2 پولیس اہلکار اور میڈیا کے نمائندے ان کے ساتھ تھے۔
جمشید دستی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں کرپشن کیخلاف بل جمع کرایا، میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور انگریزوں کی طرف سے دی جانیوالی جاگیریں ضبط کی جائیں۔مظفر گڑھ سے منتخب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے بل منظور نہ ہونے پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کیا۔