ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر تحریک انصاف بہت خوش ہے لیکن یہ وہی جے آئی ٹی ہے جو قانون کی خلاف ورزی کو دیکھنے کے بجائے خود قانون کی خلاف ورزیاں کرتی رہی، اصولوں کی خلاف وزری کر کے رشتے داروں کو ٹھیکا دیا انہوں نے ناقص مواد اکٹھا کیا اور جو رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی وہ تعصب پر مبنی ہے، جے آئی ٹی نے کس طرح گل کھلائے وہ ہم آہستہ آہستہ بتائیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کھیل احتساب کا نہیں بلکہ اقتدار کا ہے، جو وزیر یا وزیراعظم نہ بن سکے وہ عدالت سے کندھا لگائے بیٹھے ہیں اور روزانہ سپریم کورٹ کے باہر سیاسی یتیم اقتدار کا لنگر لینے قطار بنا لیتے ہیں، انہیں یہ نہیں پتہ کہ اقتدار عوام دیتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ سے صرف انصاف ملتا ہے، یہ لوگ دراصل وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ کرعدالت پرعدم اعتماد کااظہار کررہے ہیں۔
چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری بھی نوازشریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں انہیں پتہ نہیں کہ استعفیٰ لینے سے کتنا درد ہوتا ہے، نوازشریف سے تو بڑے بڑے استعفیٰ نہیں لے سکے وہ تو ابھی بچے ہیں، وہ اپنے والد سے پوچھیں کرپشن کیا ہوتی ہے کیوں کہ آصف علی زرداری کرپشن کے آئین اسٹائن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گلی گلی میں شور ہے نیازی کے پیچھے کوئی اور ہے، سازش کے تانے بانے باہر سے ملتے ہیں اور عمران خان اور ان کے بھتیجے بلاول زرداری بیرون ملک سے ہونے والی تمام سازشوں کی کٹھ پتلیاں ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا ہے پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کا خاموش اتحاد ہے، یہ لوگ سندھ میں تیر اور پنجاب میں بلے کے نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیں گے، 2013 میں بھی متحدہ اپوزیشن نواز شریف کے خلاف تھی لیکن تمام تر مخالفت کے باوجود نواز شریف وزیراعظم بنے تھے اور اب بھی 2018 میں نوازشریف ہی وزیراعظم بنیں گے۔