ایمزٹی وی(اسلام آباد)سرکاری حج اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق عازمین کے لئے سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہوگئی ہے۔ حج درخواستوں کی وصولی کا دورانیہ 15 جنوری سے 24 جنوری تک ہوگا جب کہ درخواست گزاروں میں قرعہ اندازی 26 جنوری کو ہوگی۔ اور اس سال حج کا دورانیہ 30 دن کرنے پر مشاورت کی جارہی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق رواں برس پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج ادا کریں گے، سرکاری اسکیم کا کوٹہ ایک لاکھ 20 ہزار جب کہ پرائیویٹ کوٹہ 59 ہزار 210 ہے، سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کرنے والا رواں برس درخواست دینے کا اہل نہیں ہوگا جب کہ پرائیویٹ اسکیم پر 3 سالوں میں حج ادا کرنے والے بھی پرائیویٹ اسکیم میں اہل نہیں۔ 80 سال سے زائد عمر کے درخواست گزاروں بمع مددگاروں کے لئے 10 ہزار کا کوٹہ مختص ہے جب کہ 3 یا اس سے زائد برسوں سے ناکام ہونے والے 10 ہزار درخواست گزاروں میں بھی قرعہ اندازی ہوگی۔
حج درخواستیں مخصوص بینکوں کی نامزد برانچوں میں وصول کی جارہی ہیں ، سرکاری اسکیم کے تحت شمالی ریجن بشمول پنجاب اور خیبرپختون خوا کا پیکج 2 لاکھ 80 ہزار اور جنوبی ریجن بشمول کراچی، کوئٹہ اور سکھر کا پیکج 2 لاکھ 70 ہزار مقرر کیا گیا ہے جب کہ قربانی کے لئے 13 ہزار 50 روپے حج پیکج کے علاوہ جمع کرانے ہوں گے