ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان اور خطے میں امن واستحکام یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا موثر جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے سے متعلق امریکی پالیسیوں کے تناظر میں سیکیورٹی ماحول کا جائزہ لیا گیا جب کہ سرحدوں کی حفاظت، داخلی و بیرونی سلامتی کے امور اور ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں اور خطے کی سیکورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے انسداد دہشت گردی کوششوں کے ثمرات کو مستحکم کرنے کا عزم کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے کے امن و استحکام کے لیئے فریقین سے تعاون میں قومی مفاد کر ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ پاکستان اور خطے میں امن واستحکام یقینی بنایا جائے گا، بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں امن کیلئے نقصان دہ ہیں اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا مئوثر طور پر جواب دیا جائے گا۔