ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پارٹی امور، پارٹی کے اندر حل کیے جاتے ہیں اور چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے لیے وزیراعظم نے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جمہوریت کے مفاد میں بہترین ناموں پر اتفاق کرلیں گے، ایسے بہترین افراد کا انتخاب کرنا ہے جو شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں، ایسے افراد نہ ہوں جن سے انتخابی عمل خرابی، عدم شفافیت یا التواء کا شکار ہو۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی، پارٹی امور پارٹی کے اندر حل کیے جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں 600 افراد کے نام کابینہ کو بھجوا دیے ہیں، یہ افراد اگست 2016 کے بعد سے ای سی ایل میں ڈالے گئے، ای سی ایل میں شامل ان 600 افراد سے متعلق فیصلہ کابینہ کریگی۔