ایمزٹی وی(اسلام آباد)عام انتخابات 2018 کے لیے تحریک انصاف کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر کارکنان کی جانب سے آج بھی بنی گالہ میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
تحریک انصاف کے پارٹی ٹکٹوں سے محروم امیدواروں کے حامی کارکنوں کا بنی گالہ جانے والے مختلف راستوں پر احتجاج جاری ہے۔
پی پی 100 جڑانوالہ سے خان بہادر ڈوگر اور پی پی 3 سے اکبر خان تنولی کے حامیوں کی جانب سے بنی گالہ میں احتجاج کیا جارہا ہے۔
جڑانوالہ سے آنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے ٹکٹ دو بھائیوں کو دیے گئے ہیں جس سے ان کی حق تلفی ہوئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 87 بنوں کے کارکنان کا بھی بنی گالہ میں احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ روز این اے 54 سے سرور خان کو ٹکٹ دیے جانے کے خلاف پارٹی رہنما اجمل راجا کے حامیوں کی جانب سے عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
مظاہرین نے سرور خان کو پارٹی ٹکٹ دینے کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کے انتخاب کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 8 جون کو قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 8 جون کو قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔
امیدواروں کے اعلان کے بعد عمران خان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ امیدواروں کا انتخاب نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، فطری امر تھا کہ سب ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا، جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے لی، دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔