اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی ہے۔ مشترکہ صدارتی امیدوار پر اپوزیشن میں اختلافات برقرار ہیں اور تاحال کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے جبکہ پیپلز پارٹی بھی اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی ہے۔ گزشتہ روز اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں حکومت کے مقابلے میں مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق ہوا تھا۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں خصوصا مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی کے تجویز کردہ امیدوار اعتزاز احسن کا نام مسترد کردیا ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو اپوزیشن اتحاد کا متفقہ صدارتی امیدوار بنوانے کے لیے پر امید ہے۔ خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ماضی کی تلخیوں کو چھوڑ کر آگے بڑھنا پوگا، ملک کو اعتزاز احسن جیسے چہرے کی ضرورت ہے، امید ہے مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں ہماری اس بات کو سمجھیں گی۔ پی پی پی رہنما نے کہا ہے کہ اپوزیشن سمجھدار ہے، انشاءاللہ تمام جماعتیں ہمارا ساتھ دیں گی، قومی امید ہے اپوزیشن میں اتحاد و اتفاق قائم رہے گا، ن لیگ کے رہنما بھی سمجھدار ہیں انہیں معلوم ہے کہ ان حالات میں کیا کرنا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ اپوزیشن ایسی سیاست کرے جس پر ماضی کا سایہ نہ پڑے، شہباز شریف سلجھے ہوئے سمجھدار اپوزیشن رہنما ہیں ان پر بڑی ذمہ داری ہے۔