اتوار, 24 نومبر 2024


نئی حکومت کے ساتھ مل کر مزید پیش رفت شروع ہوجائے گی

 

اسلام آباد: امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے وہ پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی جس کی ہمیں توقع تھی۔
اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا وہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری کے لیے اسلام آباد میں نئی حکومت کے ساتھ باہمی راستہ نکالنے کے لیے پُر امید ہیں۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ’میری پہلی منزل پاکستان ہے، جہاں اب ایک نیا حکمراں ہے، میں وہاں ان کی حکومت کے ابتدا میں ہی جانا چاہتا تھا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کے تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے کوشش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے پاکستانیوں کے ساتھ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ کے طور پر ساتھ کام کیا ہے۔ ہماری ٹیمیں طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کر رہی ہیں‘۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد مشترکہ مسائل ہیں، تاہم امید ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ مل کر ان مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، اور انہیں حل کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھی دونوں ممالک کے خراب ہوتے تعلقات کو دوبارہ بہتر بنانے کے لیے نیک نیتی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ امریکا کے جوائنٹ چیف اسٹاف کمیٹی کے سربراہ جنرل جوزف ڈنفرڈ کے ساتھ اسلام آباد جارہے ہیں جہاں وہ پاکستانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دورے کے دوران پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نومنتخب وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔
وزیرِاعظم عمران خان سے ممکنہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے مائیک مومپیو کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مسائل کو حل کرنے کے لیے مواقع موجود ہوں گے تاہم امید ہے کہ اس میں کچھ پیش رفت کا آغاز ہوجائے گا تاکہ کسی مشترکہ فیصلے تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا یہ واضح مقصد ہے اور بہتر یہی ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جائے۔
ایک صحافی نے انہیں باور کروایا کہ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکا نے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر کی امداد روک دی تو ان کا کہنا تھا کہ ’دیکھیں! یہ پاکستانیوں کے لیے خبر نہیں ہے، اس نے گزشتہ چند روز میں بہت ہیڈ لائنز بنائی ہیں، تاہم پاکستانی حکام کو چند ماہ قبل ہی آگاہ کردیا گیا تھا کہ انہیں یہ رقم نہیں ملے گی‘۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکی رقم نہ لینے کے حوالے سے وہ (پاکستانی) خود واضح ہیں، ہم نے اب تک پاکستان کی جانب سے ایسی پیش رفت نہیں دیکھی جن کی ہمیں توقعات تھیں۔
تاہم انہوں نے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے حوالے سے واضح کیا کہ اس حوالے سے پیش رفت عمران خان کے اقتدار میں آنے سے قبل ہی ہوگئی تھی تاہم امید ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ مل کر مزید پیش رفت شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بحالی کے لیے امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment