Print this page

افغان مسئلے کا مذکرات کے ذریعے حل تلاش کریں گے،شاہ محمود قریشی

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 15 ستمبر کو کابل کے دورے پر روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ کی حیثیت سے شاہ محمود قریشی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغان ہم منصب کی دعوت پر کابل کا دورہ کریں گے، وزیر خارجہ کی حیثیت سے شاہ محمود قریشی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ دورہ کابل میں افغان صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے انہیں دورے کی دعوت بھی دی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغانستان کو پھر امن کی پیشکش کی جائے گی۔ افغان مسئلے کا مذکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے پر زور دیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 14 ستمبر کو ترک وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترک وزیر خارجہ صدر اور وزیر اعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔
مہمان وزیر ترک صدر رجب طیب اردگان کا پیغام بھی پہنچائیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔
5 ستمبر کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں