ایمزٹی وی(اسلام آباد)لندن میں علاج کی غرض سے موجود وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے ترجمان مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے باعث لندن میں کچھ عرصہ قیام کریں گے جس کے دوران وزیرخزانہ اسحاق ڈار امور مملکت سنبھالیں گے۔ قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم اگر کسی وجہ سے ملک میں موجود نہ ہوں تو امور مملکت سنبھالنے کا اختیار کابینہ کے پاس ہوتا ہے جب کہ وزیراعظم کسی رکن کو کابینہ کی صدارت کا اختیاردے سکتے ہیں تاہم اس کے پاس وہ اختیار نہیں ہوتا جو وزیراعظم کے پاس اختیارات ہوتے ہیں، اگر کسی مرض کے باعث وزیراعظم کو طویل عرصہ بیرون ملک قیام کرنا پڑے تو پارلیمنٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ نئے وزیراعظم کا چناؤ کرے۔ دوسری جانب ماہر قانون علی ظفر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طویل عرصہ غیرموجودگی کی صورت میں کوئی اور شخص امور مملکت چلائے اس بات کی اجازت آئین و قانون نہیں دیتا جب کہ آئین کی روح سے وزیراعظم کی غیرموجودگی میں پارلیمنٹ کا ہی اختیار ہے کہ وہ وزیراعظم کی غیر موجودگی میں کسی کو وزیراعظم چننے۔ قانونی ماہر کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو امور مملکت کی ذمہ داری دینا سیاسی فیصلہ تو ہوسکتا ہے تاہم قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔