ایمزٹی وی(بونیر)بونیر میں تحریک انصاف کا جلسہ، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی اسمبلی نے قانون منظور کیا ہے، جس کے تحت چور، ڈاکو اور جھوٹا شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے، نواز شریف نے اس ملک پر صرف یہ ظلم نہیں کیا کہ پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور ملک کے ادارے تباہ کردیے، بلکہ نواز شریف نے سب سے بڑا ظلم یہ کیا کہ قوم کی اخلاقیات کو تباہ اور قدریں پامال کردیں، قومیں بمباری اور جنگ میں شکست سے نہیں بلکہ اخلاقی شکست سے تباہ ہوتی ہیں۔
پی ٹی آئی چیرمین نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے فوج و سپریم کورٹ پر حملے کررہے ہیں، ایک آدمی اپنی کرپشن کو بچانے کے لیے پورے ملک و قوم کو تباہ کررہا ہے، ہماری حکومت آئی تو 4 سال میں 10 کروڑ پاکستانیوں کو غربت سے نکالیں گے، خیبر پختون خوا میں پنجاب سے 4 گنا کم غربت ہے۔
عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول پاکستان کے کسی حصے میں ایک کلو میٹر چل کر نہیں گئے اور لیڈر بن گئے، وہ تو اردو بھی انگریزی لہجے میں بولتے ہیں، کرپٹ مافیا نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے، ان سب کی ایک کوشش ہےکہ ملک میں احتساب نہ ہو، انہیں ڈر ہے کہ نواز شریف کے بعد ان کی باری آنی ہے، میں ان کا مقابلہ کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ مسلمان ہمیشہ نبی ﷺ کی مثال کی تقلید کرتا ہے، حضور ﷺ نے مدینہ کی مثالی ریاست قائم کی اور پھر پوری دنیا میں عروج حاصل کیا، حضور اکرم ﷺ نے جدید ہتھیار نہیں ڈھونڈے بلکہ قوم کے کردار کو ٹھیک کیا، لوگوں کو حق و سچ پر کھڑا کیا، اپنے کردار سے قوم کا کردار بلند کیا، مسلمان 700 سال تک دنیا کی سپرپاور رہے، دنیا میں عروج حاصل کرنے کے لیے قوم کو اپنا کردار ٹھیک کرنا پڑتا ہے جب کہ جس کے لیڈر صادق و امین ہوتے ہیں وہ عظیم قوم بنتی ہے۔