ایمزٹی وی(لاہور)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس، کابینہ نے 100 میگا واٹ کے سولر منصوبے کو پرائیویٹائز کرنے کے فیصلے کی توثیق کر دی، سیف سٹی پراجیکٹ 6 شہروں، ڈولفن فورس کو پنجاب کے بڑے شہروں میں متعارف کرانے کی بھی منظوری دی گئی۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ 31 دسمبر 2016ء تک پنجاب کے تمام تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ملتان، بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے۔
پنجاب حکومت نے 100 میگا واٹ کے سولر منصوبے کو پرائیویٹائز کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھکی میں 1180 میگا واٹ کے گیس پاور منصوبے پر بھی انتہائی تیزی سے کام کرنے کا حکم دیا ہے۔ منصوبے سے عوام کو بجلی کا یونٹ 6 روپے 36 پیسے میں ملے گا۔
کابینہ کے اجلاس میں ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرز کے دفاتر کے قیام اور 25 نئی آسامیوں کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں صاف پانی فراہم کرنے والی کمپنی پر سیلز ٹیکس کی شرح کم کر کے ایک فیصد کر دی گئی۔ عوامی پارکوں میں سکیورٹی انتظامات اور پی ایچ اے راولپنڈی کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں نشتر ہسپتال ملتان میں نصب ایئر کنڈیشنرز کی تبدیلی کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ، ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل انجینئرز کی اسامیوں کی منظوری بھی دی گئی۔
پنجاب کابینہ کے رولز آف بزنس نمٹانے کیلئے فنانس و ڈویلپمنٹ اور لیجسلیٹو سٹینڈنگ کمیٹیوں کے قیام اور سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔