ھفتہ, 23 نومبر 2024


منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا، شہباز شریف

ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاجا رہا ہے

اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بھی پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ 1320 میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور اس منصوبے سے اگلے برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا۔ 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ عمومی طور پر چار سے پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔ چین سمیت دنیا کی تاریخ میں اتنے پیداواری گنجائش کے منصوبے پر ایسی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج تک اتنی تیز رفتاری سے اس طرح کے منصوبے پر کام نہیں ہوا جس طرح ساہیوال کول پاورپلانٹ پر ہو رہا ہے۔ساہیوال کول پاور منصوبے کی رفتار اور معیار بے مثال ہے اور یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے بجلی کے منصوبوں پر بھی برق رفتار ی سے کام جاری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر گیس پاور پلانٹس لگارہی ہیں اور 3600 میگا واٹ کے گیس پاور منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی تاریخ میں سب سے کم نرخوں پر یہ منصوبے حاصل کئے گئے ہیں اور ان منصوبوں میں112ارب روپے کے قومی وسائل کی بچت کی گئی ہے۔ توانائی بحران میں کمی کے لئے یہ منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔ 2018ء تک بجلی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہونے سے توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی، صنعت و حرفت ترقی کرے گی اور لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام اپنے مسائل کا حل اور ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اور یہی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ منفی سیاست کرنے والے شکست خوردہ عناصر نے دھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا اور ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کے ساتھ دشمنی کی ۔ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں بھی تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے عناصر کا ترقی مخالف ایجنڈا عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے اور اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں نہ کہ دھرنے اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ان عناصر کی منفی سیاست آج خود انتشار کی نذر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment