Print this page

ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل

ایمز ٹی وی (لاہور) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوگیا ہے جس کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے مختلف دعوے کئے جارہے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی درخواست پر این اے 122 کے کل 284 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے جانے والے ووٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، انسپکشن انچارج کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی جانچ پڑتال کی تفصیلی رپورٹ اگلے 4 روز میں الیکشن ٹربیونل کے حوالے کر دی جائے گی۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ووٹ بڑھنے کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد مٹھائی لے کر ڈی سی او آفس پہنچ گئی اور ان کا دعویٰ تھا کہ ووٹوں کی گنتی میں ایاز صادق کے مزید 82 ووٹ بڑھ گئے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ جانچ پڑتال کے دوران 24 ہزار ووٹ جعلی نکلے جب کہ ہزاروں ووٹ کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 11 مئی 2013 کو ہونے والے عام انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق اس حلقہ سے 78 ہزار 377  لے کر کامیاب ہوئے تھے جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے 68 ہزار 765 ووٹ حاصل کئے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں