ایمز ٹی وی(لاہور) سروری جماعت کے زیر اہتمام" آمدمصطفٰی ﷺ ریلی"کا اہتمام کیا گیا۔
جس کی قیادت سلسلہ سروری کے روحانی پیشواحضرت سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والوں نے کی۔ درود و سلام سے مہکتی فضائوں میں ولادت مصطفی ﷺ کے موقع پرنکالی گئی ریلی میں صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں کے ہر عمر اور طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شیر خواربچے، نوجوان، ادھیڑ عمر افراد اور خواتین پر مشتمل ریلی کے شرکاء بسوں ، کاروں، موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں، ٹرالیوں، بیل گاڑیوں، آٹو رکشوں اور سائیکلوں پر سوار تھے۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،جن پر آقائے دو جہاں ﷺ کی شان میں نعرے اور اشعار درج تھے۔ ــ محمد ﷺ ہمارے بڑی شان والے، سرکار ﷺ کی آمد مرحبا، آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا،کے فلک شگاف نعرے لگاتے عاشقان رسولﷺ سروری جماعت کے آستانے صدر گول چکر سے صبح 10بجے روانہ ہوئے۔ صدر بازار، مغلپورہ چوک، شالیمار لنک روڈ، چوک شالیمار، باغبانپورہ سنگھ پورہ سے ہوتی ہوئی براستہ گڑھی شاہو لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی پہنچی۔راستے میں جا بجا انجمن تاجران کے عہدیداران اور سلسلہ سروری سے منسلک باباجانی سرکار اللہ والوں کے عقیدت مندوں نے گل پاشی کرکے اور فلک شگاف نعرے لگا کر ریلی کا والہانہ استقبال کیا۔لکشمی اور جی پی او چوک سے ہوتے ہوئے ریلی چئیر نگ کراس مال روڈ پہنچی ،جہاں حاضرین نے کلمہ طیبہ اور اسمائے الحسنہ کاوالہانہ ذکر کیا۔ چئیر نگ کراس مال روڈ پر حضرت بابا جانی سرکار نے اختتامی دعا کروائی۔بعد ازاں ریلی کینال روڈ سے ہوتی ہوئی صدر گول چکر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکا میں سروری لنگر بھی تقسیم کیا گیا