ایمز ٹی وی(لاہور) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب صاف پانی پروگرام‘‘ مفاد عامہ کا ایک بڑا اور شاندار پروگرام ہے جس کے ذریعے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا
اور اس پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر اسے روایتی انداز سے ہٹ کر پیشہ ورانہ انداز میں چلانا ہوگا تاکہ جلد از جلد اس پروگرام کے ثمرات عوام تک پہنچیں۔ وہ آج یہاں ’’خادم پنجاب صا ف پانی پروگرام‘‘ کے امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور ماضی میں اس اہم مسئلے کی جانب خاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے نہ صرف عوام کی بڑی تعداد اس بنیادی سہولت سے محروم رہی بلکہ یہ مختلف متعدی امراض کے پھیلنے کا سبب بھی بنا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ بنایا ہے جس کی تکمیل سے عوام کو صا ف اور شفاف پانی میسر آئے گا اور گندے پانی سے پھیلنے والے متعدی امراض کا بھی خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اگر منرل واٹر استعمال کرتی ہے تو عام آدمی کا بھی یہ بنیادی حق ہے کہ اسے بھی صاف پانی میسر آئے اور اس پروگرام کی تکمیل سے یہ تفاوت ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا منصوبہ بے حد اہمیت کا حامل ہے اس لئے اسے روایتی طریقہ کار کی بجائے مربوط انداز میں آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے پروگرام پر عملدرآمد میں تخمینہ جات میں اضافے اور بعض امو رپر غیرپیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تخمینہ جات کے اعداد و شمار میں اضافے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے،
اس لئے اس منصوبے میں کوئی غفلت اور تساہل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق یہ منصوبہ بھی نہایت شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور عوام کی ایک ایک پائی کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب صاف پانی کمپنی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروگرام کی جلد تکمیل کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے اور فرائض احساس ذمہ داری سے سرانجام دیتے ہوئے مقررہ معیاد میں منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت عوام کے وسائل عوام پر خرچ کئے جا رہے ہیں
جو کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک شاندار قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے اس پروگرام پر عملدرآمد اور پیش رفت کا وہ خود باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی ساؤتھ ایم پی اے محمد کاشف، چیئرمین پنجاب صاف پانی کمپنی نارتھ ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر تنویر اسلم ملک ویڈیو لنک کے ذریعے چکوال سے اجلاس میں شریک ہوئے