اتوار, 24 نومبر 2024


شہباز شریف نے پہلی مرتبہ نواز شریف اورقائداعظم زندہ باد کے نعرے لگوائے

 

ایمز ٹی وی(ملتان) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف وہ قائد ہیں جنہوں نے اپنے ادوار میں تمام صوبوں میں ترقی کے مینارقائم کئے۔ ان کے تمام ادوار میں کوئی ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت کر دے تو میں اس کی ذمہ داری لیتا ہوں۔ دھرنے والوں کو قوم سے کوئی ہمدردی نہیں ہے، ان کا دھرنا دفن ہو گیا اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ملتان کی میٹرو بس معیار کے اعتبار سے راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور سے بہتر ہے۔ شہباز شریف نے پروقار تقریب میں پاکستان، قائداعظم اور پہلی مرتبہ نواز شریف زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔
میٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وقت ترقی کی کنجی ہوتا ہے اور وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو سڑکیں بناتی ہیں اور وقت پر پہنچتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب موٹروے بنائی جا رہی تھی تو تنقید کے باعث ایک ایسا وقت بھی آیا کہ شک گزرنے لگا کہ موٹروے پر لگایا جانے والا پیسہ کہیں اور تو نہیں لگانا چاہئے تھا، لیکن پھر چند سال ہی لگے کہ اس موٹروے کے بدترین ناقد بھی اپنے خاندان کے ساتھ اس پر سفر کرنے لگے۔ وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان نے بڑے بڑے منصوبے مکمل کئے جو تاریخ کا حصہ ہیں اور اب 2008ءسے 2013ءاور آج تک ان کی نگرانی اور قومی لیڈرشپ کے تحت پاکستان کے اندر جو ترقیاتی پروگرام کی چین جاری ہے وہ خوشحالی لائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان میٹرو کا روٹ بہت تنگ علاقوں سے ہے اور اس کیلئے بڑی مشکل سے زمین کا پٹوار کرنا ممکن ہوا جس پر ساڑھے چار ارب روپے خرچ کئے گئے اور بلاخوف تردید کہہ سکتا ہوں کہ آپ کی ہدایت کے تحت جن کی زمینیں، دکانیں یا مکانات خریدے گئے ان کو اس بات کا گلہ نہیں کہ انہیں کم پیسے ملے۔ حکومت ہوتی ہی اس کام کیلئے ہے کہ شہریوں کی جیب سے پیسے نکالے نہیں بلکہ ان کی جیب میں پیسے ڈالے اور وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں ہمیشہ ہی ایسا ہوا ہے لیکن دیگر حکومتوں نے شہریوں کی جیبوں سے پیسے نکال کر انہیں کنگال کر دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف اور دیگر لوگوں میں یہی فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جس پر 28 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں اور یہ بتاتا چلوں کہ ملتان کی میٹرو راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور کی میٹروبس کے مقابلے میں معیار کے حوالے سے بہت بہتر ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے کیلئے دھرنے کئے گئے اور پاکستان کا قیمتی ڈیڑھ سال ضائع ہوا، یہی نہیں بلکہ تمام منصوبے بھی وقت سے پہلے تعمیر ہو چکے ہوتے۔ مخالفین نے الزامات کی فیکٹریاں لگا رکھی ہیں اور ساڑھے تین سال میں ملک کو بدترین دھرنوں کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کو پاکستان کے غریب عوام سے کوئی ہمدردی نہیں تھی، ان کو ملتان، ساہیوال، کراچی، پشاور، پاکستان کے شمالی علاقوں سے کوئی تعلق نہیں تھا اور یہ لاک ڈاﺅن کر کے خدانخواستہ پاکستان کا دھڑن تختہ کر کے پاکستان کی قسمت کو دوبارہ کھوٹا کرنا چاہتے تھے، اللہ کا شکر ہے کہ 20 کروڑ عوام کی دعاﺅں کی بدولت پاکستان دوبارہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوا اور ان کے دھرنے دفن ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہے نواز شریف کاروبار میں تھے، یا دو بار وزیراعلیٰ بنے یا پھر تیسری بار وزیراعظم بنے تمام ادوار میں اور موجودہ حکومت میں ان کی زیر نگرانی جو بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اگر ان میں کوئی ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت کر دے تو میں اس کی ذمہ داری لوں گا۔ شہباز شریف نے ایک صحافی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحافی ہال میں موجود ہیں جنہوں نے لکھا تھا کہ ملتان میٹرو آنے جانے والی چیز ہے، یہ ہوائی ہے اور پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گی، لیکن مجھے خوشی ہے کہ ان کی سوچ کی نفی ہو گئی اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ دل میں بہت خوش اور مسرور ہوں گے کیونکہ ان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے اور آج جنوبی پنجاب کو اس کا حق مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو آگے لے جانے کیلئے چاروں اکائیوں کو یکجا ہو کر آگے بڑھنا ہو گا اور ایک روٹی مل جل کر کھانا ہو گی اور جب چار ہوں گی تو سب اپنی اپنی بھی کھا لیں گے۔ ایک جانب جہاں وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی منزلیں طے ہو رہی ہیں تو دوسری طرف 60 ملین ڈالر سوئس بینکوں میں آج بھی پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ پاکستانیوں کا پیسہ ہوں، مجھے لے جاﺅ اور پاکستان میں خرچ کرو۔ قرضے معاف کرانے والے کہتے ہیں کہ احتساب ہونا چاہئے، قوم کے اربوں روپے کھا لئے گئے، نوکروں کے نام شیئرز منتقل ہوئے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ یہ جو ملتان میں میٹرو بنی ہے، کوئی تو ہو گا جس کو پتہ ہو گا کہ یہاں کرپشن ہوئی، اس منصوبے میں شہباز شریف نے یا نواز شریف نے کرپشن کی ہے، ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت ہو جائے تو ذمہ دار ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریر کے اختتام پر پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد اور وزیراعظم نواز شریف زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment