ایمز ٹی وی(لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنا پارٹی کو عوام نے رد کردیا،نیا پاکستان بنانے کیلئے مثبت تبدیلی سازشوں سے نہیں آتی، نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کے شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ توانائی، انفراسٹرکچر، معیشت، صحت اورتعلیم کے شعبوں میں خاطر خواہ ترقی ہمارے کریڈٹ میں ہے۔ نوازشریف کے دور کے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کا شاہکار ہیں۔ نوازشریف ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم بنے اورعوام کے دلوں پر راج کیا ہے ۔وہ آج بھی مقبول ترین لیڈر ہیں اورہمیشہ رہیں گے۔ تنقید کرنیوالے پہلے اپنے صوبے پرنظر ڈالیں اورپھر بات کریں۔ ناقدین کو علم ہے کہ پنجاب کارکردگی کے لحاظ سے بہت آگے ہے۔شکست خوردہ سیاسی عناصر آج جو بیج رہے ہیں کل ان کو اس پرپشیمانی کا سامنا کرنا ہوگا۔ شہبازشریف نےگزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو فوقیت دی ہے اور سیاست میں ہمیشہ تعمیری و مثبت سوچ اپنائی ہے ۔ جمہوریت کے فروغ اور استحکا م کیلئے مسلم لیگ (ن) نے ہر اول دستے کا کردارادا کیا ہے ۔ ملک کی تیزرفتارترقی اورعوام کی فلاح وبہبود مسلم لیگ(ن) کا نصب العین ہے سیاسی مخالفین نے دروغ گوئی اوربے بنیاد الزامات لگانے کے عالمی ریکارڈ بنائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض شکست خوردہ سیاسی عناصر ملک کو ترقی کی پٹری سے اتارنے کے درپے ہیں۔ جھوٹ اورمنافقت کی سیاست کرنیوالوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ شارٹ کٹ سے اقتدار میں آنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے اعتماد پر پورااتریں گے ۔وطن عزیز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ ہماری ہر سانس اور ہر قدم ملک کی ترقی اورعوام کی خدمت کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام منافقت اور جھوٹ پرمبنی منفی سیاست کرنے والے عناصرکو آئینہ دکھا چکے ہیں۔ دھرنے اور لاک ڈائون کرنیوالے ان سیاستدانوں نے پاکستان کی ترقی کا سفر روکنے کی ناپاک سازش کی اور ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا اورقوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ۔ ذاتی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دینے والے سیاستدان ملک کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفی سوچ کے حامل سیاستدانوں کو سمجھنا چاہیئے کہ سیاست ملک اورعوام کی خدمت کانام ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنا پارٹی کامنفی انداز سیاست ملک وقوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ یہ مایوس عناصرکئی مرتبہ ملک کی ترقی کو ڈی ریل کرنے کی گھناؤنی سازش کر چکے ہیں اور ذاتی انا اور ضدمیں ملکی مفادات کو یکسر فراموش کر بیٹھے ہیں۔ غریب عوام کی خوشحالی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالے سیاستدان کسی صورت پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کیلئے مثبت تبدیلی کھوکھلے نعروں اور سازشوں سے نہیں آتی بلکہ عوام کی خدمت کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔دھرنا پارٹی نے اس صوبے کا برا حال کردیا ہے جہاں انہیں عوامی خدمت کا مینڈیٹ دیا گیا۔دھرنوں اور کرپٹ عناصر کو عوام نے رد کیا اور آئندہ بھی شکست ان کا مقدر ہو گی۔شہباز شریف نے صدارتی ایوارڈ یافتہ نعت گو شاعر ریاض حسین چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بزرگ شہریوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ معاشرے میں بزرگ شہریوں کو بڑا مرتبہ حاصل ہے اورمعمر افراد اور بزرگ شہری ہمارے لئے عظمت اور سرمایہ افتخار ہیں۔ بزرگوں کی خدمت اور ان سے شفقت کے رویے کا اظہارہمارا فرض اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس دن کا مقصد بزرگ افراد کی ضروریات، مسائل اور تکالیف کے بارے میں نئی نسل کو آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ ہمارا اثاثہ ہیں، ہمیں ان کی ضعیف العمری کو خود پر بوجھ نہیں سمجھنا چاہیئے۔ معاشرے کے ضعیف افراد کی دیکھ بھال اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔