ایمز ٹی وی (لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی مخالف منفی سیاسی قوتیں ملک کی ترقی کاراستہ نہیں روک سکتیں،سی پیک سمیت ترقی کے تمام منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائینگے۔ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیجات نے ملک و قوم کو مسائل سے دوچار کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مہیا کئے ہیں اورترقی کے سفر میں جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی مخدوم خسرو بختیارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نےگزشتہ روزان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب خصوصا بہاولپور ڈویژن کے فلاح عامہ کے پروگراموں پر عملد رآمد پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اربوں روپے کے وسائل جنوبی پنجاب کے عوام کے قدموں تلے نچھاور کر کے انہیں ان کا حق لوٹایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 400میگا واٹ کے شمسی توانائی کے کارخانے لگ چکے ہیں اور اب ترکی کی کمپنی صرف 6 سینٹ فی یونٹ کے تحت 300میگا واٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے سستا ترین سولر ٹیرف ہے اور اس منصوبے سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے متعدد منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں اور رواں برس کے آخر تک ملک میں چھائے اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب حکومت نے دیہات میں کارپٹ سڑکوں کا جال بچھا دیاہے۔ پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر کا اتنا بڑا پروگرام کبھی نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے پروگرام پر 90ارب روپے خرچ کررہی ہے۔بہاولپور میں سیف سٹی پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔شہبازشریف نے گزشتہ روز اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ پورے پاکستان کے لئے ہے ۔
اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ عام آدمی کو جدید ترین سفری سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے ۔چین سے اورنج لائن میٹروٹرین کی بوگیوں کے پہلے سیٹ کی لاہور آمد خوش آئند ہے۔،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء و اورنج لائن میٹروٹرین کی سٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان،ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان،چیف سیکرٹری ،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اورمتعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ وہ بھی وہی سفری سہولتیں استعمال کریں جو اس ملک کی اشرافیہ کرتی ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں شہری عزت و قار سے سفر کرسکیں گے۔میٹروبس پراجیکٹس کی طرح اس منصوبے کے مکمل ہونے سے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی باکفایت ٹرانسپورٹ میسر آئیگی اورعوام کو فرسودہ اورکھٹارہ پبلک ٹرانسپورٹ سے نجات ملے گی۔ شہباز شریف نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران پورے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے ساتھ عزاداروں کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے پرصوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے یوم عاشور پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اورمتعلقہ اداروں کی بھرپور محنت سے یوم عاشور پرامن رہا جس پر میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کے لئے کام کرنا ہے اور ہمیں اتحاد، اتفاق اور یگانگت کے راستے پر چلتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ شہبازشریف نے سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب حبیب احمد خان لودھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے -وزیراعلی ٰنے شہری کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہید شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے -وزیراعلی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعاکی ہے - شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے -بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان کی بہادر فوج ہر جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے