ایمز ٹی وی (لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہےکہ دھرناگروپ کی عوام دشمن پالیسیاں قوم کے سامنے آچکی ہیں، دھرنا گروپ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے میں پیش پیش رہا،دھرنوں اورلاک ڈاؤن سے ترقی اور خوشحالی کیخلاف ساز ش کی گئی۔ لاہورسے جاری بیان میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ان تمام عناصر نے پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،عوام کی ترقی کے ان مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی وسائل پر ڈاکے ڈالے گئے،سابق ڈکٹیٹر کے حواریوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا، شہباز شریف نے کہاکہ ان کے دور میں منصوبے شفاف انداز میں مکمل ہوئے ہیں ، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی ان کا مشن ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیپا سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادتوں پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے بھارت کا جنگی جنون خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے ۔