ایمزٹی وی(راولپنڈی) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے میں انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران 16دہشت گرد گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ ،آئی ای ڈیز اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے حافظ آبادکے علاقے فوارہ چوک میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا، ملزموں کے قبضے سے بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمدہوا، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ گرفتار ملزمان میں نیاز ولی ولد وحید جان سکنہ باجوڑ ایجنسی اور محمد طیب ولد عبدالستار سکنہ مظفرگڑھ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اٹک میں تھانہ باہتر کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پرمشترکہ سرچ آپریشن کرکے 3 دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا، ملزموں کے قبضے سے دھماکا خیزمواد اور اسلحہ برآمدکرلیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق جنوبی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس میں بڑی تعداد میں ہتھیار، مختلف اقسام کے گولہ بارود، اے کے 47 اور 7 ایم ایم، 4.5 کلوگرام دھماکا خیزمواد ،100 ڈیٹونیٹرز،200 میٹر ڈیٹونیٹنگ ڈوری اور منشیات برآمدکی گئی.