ھفتہ, 23 نومبر 2024


نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے اسٹیل مل کو برباد کیا

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں ہوسکتے،
سینیٹ انتخابات میں میاں صاحب رضا ربانی کو لڑائی کے لئے ڈھال بنا کر اپنی ناکامی سے چھپنا چاہتے تھے تاہم بلوچستان، سندھ، فاٹا اور خیبرپختونخوا کے سینیٹرز نے مل کر آپ کو شکست دی۔
کوٹلی ستیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات سے دل ٹوٹ گیا ہے، جب یہ ہار جاتے ہیں تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے اور اب کہا جارہا ہے کہ چابی والے کھلونے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چابی والے کھلونے کا نواز شریف سے زیادہ کسے پتا ہے جن کی سیاست اسی چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی، مسئلہ یہ ہے کہ چابی کھلونے کے اندر ٹوٹ گئی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو تین بار وزیراعظم ہاوٴس میں رہ کر ووٹ کا تقدس نہ کر سکا وہ آج کیا کرے گا، پارلیمان کی بالا دستی اور ووٹ کی حرمت آپ کو پاناما کے بعد کیوں یاد آرہی ہے اور ضیاء الحق کی چھتری تلے آپ کو کیوں ووٹ کا تقدس یاد نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے اسٹیل مل کو برباد کیا تاکہ اتفاق فاؤنڈری کا لوہا بک سکے، یہ لیڈر اور سیاست دان نہیں بلکہ کاروباری ہیں جو صرف اپنا منافع دیکھتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment