ایمز ٹی وی(لاہور) نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی گئی، ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا طے تھی۔
نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری اب صدارتی الیکشن کے بعد ہوگی، چوہدری سرور پہلے بطور سینیٹر صدر کے لیے عارف علوی کو اپنا ووٹ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری سرور صدارتی انتخاب کے بعد حلف اٹھائیں گے، تقریب حلف برداری کے سلسلے میں 50 فیصد دعوت نامے تقسیم ہوچکے تھے۔
چاہدری سرور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عارف علوی کو صدر منتخب کرانے میں بحیثیت سینیٹر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، 4 ستمبر کے بعد بطور گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا۔
خیال رہے کہ رواں ماہ دس اگست کو چوہدری محمد سرور کو بطور گورنر پنجاب منتخب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری سرور وفاق کی نمائندگی کریں گے، چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
یاد رہے کہ مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے، آصف زرداری کے فیصلے سے پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف جلد اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔