ایمزٹی وی(کراچی)ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مرکزی بینک میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، گورنر اسٹیٹ بینک نے 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
عبدالستار ایدھی تو اب ہم میں نہیں رہے، لیکن ان کی یادیں اور باتیں ہر جگہ موجود ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی ان کی لازوال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، مرکزی بینک کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے ایدھی کو دنیا کی عظیم ترین شخصیت قرار دیا۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ایدھی ایک سوچ اور فکر کا نام ہے، جن کی بے مثال خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے اپنے والد کا مشن آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، انھوں نے 100بڑی ایمبولینسز کی خریداری کے لئے ایک روپیہ چندہ مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
دعائیہ تقریب میں جناح سوسائٹی، پاکستان بینکنگ کونسل اور دیگر بینکوں کے عہدیداروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔