ایمزٹی وی(کراچی) عامر خان نے کہا ہے کہ اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ حقیقی اور پاک سرزمین پارٹی کے افراد بھی موجود تھے جو ایم کیو ایم کے کارکنان کے گھروں کی نشاندہی کرتے ہیں۔
کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے کہا کہ ایم کیوایم کے خلاف ستمبر2013 سے جو غیر اعلانیہ آپریشن جاری ہے
اس میں گزشتہ 3 دنوں میں شدید تیزی آئی ہے جس کے بعد ایم کیوایم کے متعدد دفاتر اور کارکنوں کے گھروں پرچھاپوں اوربے گناہ کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔
عامر خان نے کہا کہ کوئٹہ میں دھماکے کا ہولناک واقعہ پیش آتا ہے جس میں وکلا، صحافی اور دیگر معصوم شہری شہید و زخمی ہوجاتے ہیں لیکن واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے والی کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کے بجائے کراچی میں گھیرا بندی کرکے گھر گھر تلاشی اور بلا جواز گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان چھاپوں کے دوران اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ حقیقی اور پاک سرزمین پارٹی کے افراد بھی موجود تھے جو ایم کیو ایم کے کارکنان کے گھروں کی نشاندہی کررہے تھے۔